پی ٹی آئی والوں کو این آر او نہیں مل سکتا: گورنر کے پی: کنڈی صوبے میں مہمان اداکار ہیں: بیرسٹر سیف

پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے پی ٹی آئی والے بنیادی طور پر این آر او چاہتے ہیں جو نہیں مل سکتا،نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا تحریک انصاف والوں نے عمران خان کو اقتدار کےلئے تنہا چھوڑ دیا، عمران خان نے جو کرتوت کئے وہ اب بھگتنا پڑیں گے، عدالتوں نے فیصلہ کرنا ہے بانی پی ٹی آئی قصور وار ہیں یا بے قصور، فیض حمید نے اگر غلط کام کیا تو عدالتیں سزا دیں گی، بڑے عہدیدار بھی سزا سے نہیں بچ سکتے، ملک کے ہر شہری کیلئے قانون برابر ہے، پی ٹی آئی کی روایت ہے مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ دیتے ہیں،گورنر خیبرپختونخوا نے کہا بشریٰ کہتی ہیں اکیلا چھوڑ دیا، وزیراعلیٰ کہتے ہیں میرے ساتھ تھیں، دونوں میں سب سے بڑا جھوٹا کون ہے؟ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان ڈائیلاگ ہے سنجیدہ نہ لیا جائے،دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا گورنر صوبے میں مہمان اداکار ہیں،مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گورنر کا کام صرف بچوں کو سرٹیفکیٹ دینا اور فیتے کاٹنا ہے، گورنر کا صوبے کے سیاسی معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، وفاقی حکومت ہر معاملہ پر محاذ ا?رائی کا رویہ ترک کرے،بیرسٹر سیف نے کہا کہ پارا چنار میں جنگ بندی میں غیر معینہ عرصے تک توسیع کردی گئی، کرم میں دیرپا امن کیلئے کام کر رہے ہیں۔