چینی حکومت دوطرفہ تجارت کو متوازن بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے: قونصل جنرل

لاہو ر(کامرس رپورٹر) لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاﺅ شیریں نے نئی قیادت کو مبارکباد دینے کیلئے لاہور چیمبر کے خصوصی دورہ کے دوران توقع کا اظہار کیا ہے کہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے چینی قونصل جنرل کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور دونوں اداروں کے درمیان طویل شراکت داری کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ نائب صدر شاہد نذیر چودھری، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین خرم لودھی، احد امین ملک، سید حسن رضا، عرفان احمد قریشی، آصف ملک، کرامت علی اعوان، امیر علی، شعبان اختر، سید سلمان علی، احسن شاہد، علی عمران اور منیب منوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔چینی قونصل جنرل ژاﺅ شیریں نے بہترین استقبال پر میاں ابوذر شاد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی قونصل خانے اور لاہور چیمبر کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چینی وفود کے دورہ لاہور اور پنجاب میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کو لاہور چیمبر کا دورہ کرنے اور روابط بڑھانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ چینی قونصل جنرل نے چینی زبان کے کورسز کیلئے مزید تعاون کا اعلان کیا۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ لاہور چیمبر جس طرح پالیسی ایڈووکیسی اور معیشت پر آگاہی سیشن منعقد کراتی ہے اسی طرح پاک چین تعلقات کے حوالے سے بھی سیشن منعقد کیا جائے۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین کی حکومت پاکستان کے ساتھ متوازن تجارت اور پاکستانی برآمد کنندگان کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور 2023-24ءمیں تجارت کا حجم 16.2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ انہوں نے بی ٹو بی روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے چین کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے باہمی تجارت میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تجارتی اعداد و شمار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت 2023-22ءمیں 11.7 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2023-24ءمیں 16.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ۔ چین سے درآمدات 13.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ پاکستان کی چین کو برآمدات 2.7 ارب ڈالر تک بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے چین کو مزید مصنوعات برآمد کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے، خصوصاً ٹیکسٹائل، حلال فوڈ اور دیگر ویلیو ایڈڈ انڈسٹریز کے شعبوں میںبہت پوٹینشل ہے۔ دونوں ممالک کو آزاد تجارتی معاہدے کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔نائب صدر لاہور چیمبر شاہد نذیر چودھری نے پاکستان کی چین کو برآمدات میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کو کوئلہ، ادویات، سرجیکل آلات، مکئی، تازہ پھل اور نمک سمیت دیگر مصنوعات کی برآمدات بڑھاسکتا ہے۔ انہوں نے تجارتی وفود کے تبادلے میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے دورہ چین کے دوران پانچ سے زائد ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبر پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا ۔