اسلام آباد:(بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے مارگلہ ہلز میں غیر قانونی تعمیرات پر رپورٹ طلب کرلی۔
آئینی بنچ نے مارگلہ ہلز پر غیر قانونی تعمیرات کیس پر سماعت کی،مونال ریسٹورنٹ کے وکیل نے کہا آئینی بنچ کے حکم پر ریسٹورنٹ کو گرا دیا گیا مگر مارگلہ ہلز میں ابھی 134 کے قریب ہوٹل ریسٹورنٹس ،کھوکھے قائم ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا مارگلہ ہلز پروٹیکٹڈ ایریا ہے، ہر قسم کی تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا گیا ،جسٹس مظہر نے سوال کیا ابھی کتنی غیر قانونی تعمیرات مارگلہ ہلز میں قائم ہیں؟ ،وکیل میونسپل کارپوریشن نے کہامارگلہ ہلز پر 80 سے 132 تعمیرات باقی ہیں ،مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں اسلام آباد کلب بھی آجاتا ہے۔
جسٹس نعیم افغان نے کہا 1960 کے ماسٹرپلان میں سپریم کورٹ بھی مارگلہ نیشنل پارک کی حدود میں تعمیر ہوا، سی ڈی اے پہلے مونال کے اطراف میں غیر قانونی تعمیرات کو دیکھ لے،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کیا سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف مونال کےلئے تھا؟ عدالت نے مارگلہ ہلز میں تعمیرات پر اصول طے کردیا، سی ڈی اے اپنا کام کیوں نہیں کرتا؟ جسٹس مسرت نے کہا سی ڈی اے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کر رہا ہے؟۔
ڈی جی ماحولیات نے کہا مارگلہ ہلز میں ابھی 50 سے زاہد کھوکھے چل رہے ہیں جو ماحولیاتی مسائل کا سبب بن رہے ہیں، عدالتی احکامات میں کھوکھوں کو گرانے سے روک دیا گیا تھا،بعد ازاں آئینی بنچ نے سی ڈی اے سے مارگلہ ہلز میں غیر قانونی تعمیرات پر رپورٹ طلب کرلی۔
آئینی بنچ نے مارگلہ ہلز میں غیر قانونی تعمیرات پر رپورٹ طلب کرلی



















