”جوکر“ عمران خان معافی کارڈ دے دیں تو قوم شکر ادا کرے گی،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے بانی پی ٹی آئی” جوکر“ ہیں،پہلے مذہب اور سائفر سمیت دیگر کارڈ کھیلے گئے اب معافی کارڈ دے دیں تو قوم شکر ادا کرے گی،مریم نواز کے عوامی منصوبوں کے باعث شیخوپورہ میں بھاری مارجن سے کامیابی ملی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا بشریٰ شہید کے گھر گئیں جنہیں کے پی حکومت نے ایک کروڑ روپے دئیے مگر عدالت نہیں گئیں کیونکہ ہیروں کا جواب دینا پڑےگا،عوام نے اداروں کےخلاف بیانیہ مسترد کردیا، بات طے ہے ن لیگ پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی ہے اور آئندہ بھی ہوگی، فارم 47 کا طعنہ دینے والوں کے پاس ترقی دیکھ کر کچھ کہنے کو نہیں رہا۔

وزیر اطلاعات نے کہاخوشی کی خبر ہے فتنہ فساد پارٹی اب سوشل میڈیا پر بھی مقبول نہیں رہی، ضمنی انتخابات میں بدترین شکست ہوئی ،اپنے دور حکومت میں بھی جیتنے کے قابل نہیں تھے،مریم نواز نے 54 ارب کے ذریعے 14 روپے یونٹ ریلیف دیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے فائلوں و نعروں کیلئے منصوبے نہیں بنائے،68ہزار طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا ،30ہزار بچوں کو سکالر شپ دی گئی، بچوں کے ہاتھوں میں کیلوں والے ڈنڈے نہیں دئیے، 130 ارب کا سکالر شپ پروگرام ہے ،5سالہ ڈگری کی ٹیوشن فیس حکومت ادا کرے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہافری سولر پینل پروگرام کی لانچنگ کردی گئی ، آن لائن پورٹل اور ایس ایم ایس سروس سے سکیم میں شامل ہو سکتے ہیں، ایک لاکھ سولر سسٹم دئیے جائیں گے،200یونٹ والوں کو مفت ملیں گے،بشریٰ محرم کے بغیر نہیں نکلتیں پردہ بہت کرتی ہیں مگر لانگ مارچ میں پردے و محرم کی شرط نہیں تھی اب پختون کارڈ باہر آ گیا ، میتوں کے جنازہ ہوتے ہیں کہاں ہیں وہ میتیں؟ سکول میں تو باپ بیٹے کے ساتھ بیٹھا نظر آیا، سیاسی گدھوں کو لاشوں پر کاروبار کرنا ہے، لسانیت کارڈ نہیں چلنے دیں گے،وزیراعلیٰ مختلف پروگرامز کے ذریعے خدمت کی سیاست کر رہی ہیں، لوگوں کو کسان کارڈ، سپرسیڈرز، الیکٹرک بائیکس مل رہی ہیں،پنجاب کے ہر گلی محلے کو صاف کرنے کا پروگرام بنایا گیا،ایک لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوئیں، نئی مشینری خریدی گئی۔