اسلام آباد: (بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے پی آئی اے نجکاری کا حکم واپس لے لیا۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا سپریم کورٹ نے پی آئی اے انتظامیہ کو نئے پروفیشنل بھرتی کرنے کی اجازت دی تھی، حکومت کی طرف سے پی آئی اے نجکاری کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن نجکاری کے عمل کی وجہ سے نئی بھرتیاں نہیں کی گئیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا نجکاری کا عمل کمیشن دوبارہ کرنے جا رہا ہے، پی آئی اے فلائٹ آپریشن پر پابندی بھی ختم ہوگئی،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے دوبارہ نجکاری کے عمل میں اب شاید ریٹ زیادہ ملے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا نجکاری کا عمل کر کے حکومت سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا نجکاری عدالت کو اعتماد میں لیکر کی جائے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا نجکاری پر اعتماد میں لینے کےلئے عدالت میں درخواست دائر کر دی تھی، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے نجکاری اچھے طریقے سے کریں، آئینی بنچ نے پی آئی اے نجکاری کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
مزید برآں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سابق جج لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کےخلاف توہین عدالت کیس بھی نمٹا دیا،دریں اثناءاسلام آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے درخواست نمٹاتے ہوئے انویسٹمنٹ کی رقم درخواست گزار کو واپس کرنے کا حکم دےدیا،آئینی بنچ نے کہا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائےگا۔
ادھر سپریم کورٹ کے ریگولر بنچ نے خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے گریڈ ایک سے 12 تک ملازمین کو مستقل کرنے کا معاملہ صوبائی کابینہ کو بھیج دیا،جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی ریگولر بنچ نے کیس سماعت کی،ریگولر بنچ نے ہدایت کی خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ ملازمین کو مستقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق 3 ماہ میں فیصلہ کرے،ملازمین کے وکیل نے کہا 58 مختلف پراجیکٹس کےلئے بھرتیاں کی گئی تھیں، وکیل خیبر پختونخوا حکومت نے کہا تھرڈ پارٹی ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا سکتا،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا صوبائی حکومت کو معاملہ دیکھنا چاہیے،بعدازاں سپریم کورٹ کے ریگولر بنچ نے خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے گریڈ ایک سے 12 تک ملازمین کو مستقل کرنے کا معاملہ صوبائی کابینہ کو بھیج دیا۔
پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم واپس ،جسٹس منصور کیخلاف توہین عدالت کیس نمٹا دیاگیا



















