PTI کے لوگوں کو قومی دھارے میں لانے کےلئے حکومت پہل کرے:حسن مرتضیٰ

لاہور: (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے تحریک انصاف کے لوگوں کو قومی دھارے میں لانے کےلئے حکومت کو پہل کرنی چاہیے،ہم پی ٹی آئی پر پابندی یا اسے دیوار سے لگانے کے حق میں نہیں،ہمارے ساتھ پی ٹی آئی پر پابندی کی بات نہیں کی،جب وہ رابطہ کرینگے تو سارے سیاق و سباق کیساتھ فیصلہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاﺅن میں فیصل میر،حاجی عزیز الرحمن چن،امان سندھو ،وزیر اعوان،راﺅ خالد،ذیشان شامی کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حسن مرتضیٰ نے کہا پیپلز پارٹی کی 3دہائیوں سے کردار کشی کی جا رہی ہے مگر آج دیگر جماعتوں کے لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، مستقبل صرف بلاول بھٹو کا ہے،پیپلز پارٹی ہی تمام بحرانوں سے ملک کو نکال سکتی ہے،26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے بلاول بھٹو نے اتفاق رائے کی فضا پیدا کی،پیپلز پارٹی مارچ 2025میں پنجاب میں پاور شو کرے گی، واضح طور پر کہتا ہوں پیپلز پارٹی جمہوریت کو نقصان پہنچانے کےلئے جرنیلوں کیخلاف ہے،ہم نے اداروں کو مضبوط کرنا ہے ،شخصیات کو نہیں۔