سرمایہ کاری کے فروغ میں کوئی بھی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے:شافع حسین
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی ویوو موبائل کمپنی کے سی ای او لیوب ہانگ نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیرصنعت وتجارت نے چین کی ویوو موبائل کمپنی کا انڈسٹریل سٹیٹ فیصل آباد میں کنسٹرکشن کیلئے ایک سال سے رکے این او سی کا مسئلہ حل کردیا۔سی ای او لیوب ہانگ نے کہاکہ وی وو کمپنی کا پنجاب میں موبائل اسمبلنگ کا یونٹ موجود ہے تاہم کمپنی انڈسٹریل سٹیٹ فیصل آباد میں موبائل کا مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگانا چاہتی ہے۔کمپنی کو گزشتہ ایک سال سے پلانٹ کی کنسٹرکشن شروع کرنے کیلئے این او سی نہیں مل رہا۔چوہدری شافع حسین نے چیئرمین فیڈمک کو مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے،متعلقہ ادارے سرمایہ کاری میں رکاوٹ بننے کی بجائے سرمایہ کاروں کو سہولتیں دیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانا اور صنعت کاری کا عمل تیز کرنا میرا عزم ہے۔نئی سرمایہ کاری لانے کے اپنے عزم کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔دریں اثناءصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں پنجاب میں بد ترین کرپشن کی گئی ،ٹرانسفر ،پوسٹنگ اور مختلف منصوبوں میں مال بنایا گیا ،قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا ،ترقیاتی سکیموں کے نام پر اپنی جیبیں بھری گئیں۔صوبائی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انتشاری ٹولے کو عوام کی فلاح سے کوئی سروکار نہیں اسی لئے وہ عوام کے فلاحی پروگراموں میں رخنہ ڈالنے کیلئے کوشاں رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے اپنے صوبے کے عوام کی زندگی بہتر کریں نہ کہ ہر دوسرے ہفتے اسلام آباد پر چڑھائی۔

















