اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم نے کہا ہے کہ نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات کے شعبوں میں مربوط اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق عبدالعلیم خان نے آذربائیجان میں پاکستانی سفیر سے وڈیو لنک اجلاس کے دوران آذربائیجان کے حالیہ دورے کی روشنی میں سرمایہ کاری کے امور پر غوروخوض اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ عبدالعلیم خان نے آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین سے فالو اپ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وڈیو لنک اجلاس میں مواصلات و نجکاری کے وفاقی سیکرٹریز بھی شریک تھے۔انہوں نے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو مختلف ا مور پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آذربائیجان کے مختلف سرکاری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری اور اداروں کی نجکاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آذربائیجان سے مواصلات کے شعبے میں دو موٹرویز ایم 6 اور ایم 9 میں سرمایہ کاری بھی زیر غور ہے۔انہوں نے کہاکہ ترکیہ اور آذربائیجان کے پاکستان میں سفیروں کے ساتھ جلد علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانہ دسمبر کے جوائنٹ کمیشن کے اجلاس سے پہلے اپنا ہوم ورک مکمل کرے۔ عبدالعلیم خان کوآذربائیجان سے سرمایہ کاری کے لئے "جی ٹو جی طریقہ کار پر سرمایہ کاری اور دو طرفہ سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات کے تینوں شعبوں میں مربوط اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، تجارتی امور پر سینٹرل ایشیا پاکستان کے لئے مشرقی یورپ تک گیٹ وے ثابت ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ باکو، آذربائیجان میں رواں ماہ ہونے والی کوپ 29میں پاکستان کی نمائندگی نمایاں رہی ہے۔
نجکاری، سرمایہ کاری و مواصلات شعبوں میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں: عبدالعلیم خان

















