تجارت کا فروغ،پاکستان، بیلاروس میں 8 مفاہمتی معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان اور بیلاروس کے درمیان 8مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے،پاکستان بیلا روس بزنس فورم کے د وران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے، پاک بیلاروس 5سالہ تعاون پر نیوٹریفوڈ اینڈ فارماسیوٹیکل کمپنی اور بیلاکٹ سمیت مختلف مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے،تقریب میں شہزاد ٹریڈ لنکس اور منسک موٹر پلانٹ کے درمیان مصنوعات کی فراہمی کےلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، شہزاد ٹریڈ لنکس اوربیلشینا کے مابین پاکستانی منڈی میں ٹائرز کی فراہمی کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے،قبل ازیں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت سردار جام کمال نے کہاپاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت میں اضافہ ضروری ہے، پاکستان میں بیلاروس کے ٹریکٹرز پائیداری اور مضبوطی کی علامت سمجھے جاتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان 27-2025 کےلئے روڈ میپ پر اتفاق ہوا ہے ، دونوں ممالک تعاون کےلئے عملی اقدامات کریں گے، پاکستان اور بیلاروس علاقائی تجارت اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کےلئے شنگھائی تعاون تنظیم میں شراکت دار ہیں، پاکستان بیلاروس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کےلئے توانائی، زراعت، آئی سی ٹی اور دیگر شعبے کھلے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے، وزیر تجارت نے کہا پاکستان کے گوشت، ڈیری، زرعی مصنوعات اور کاغذی مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں، بیلاروس کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان خطے میں تجارتی اور ٹرانزٹ حب بننے کےلئے پر عزم ہے، بیلاروس کے وزیر توانائی الیکسی کشنارینکو نے کہاکہ اس قسم کی تقریبات پاکستان اور بیلاروس کے تجارتی شعبوں میں براہ راست مذاکرات کا موثر ذریعہ ہیں،بیلا روس کی زرعی مشینری، صنعتی، پیٹروکیمیکل اور ڈیری مصنوعات کی پاکستانی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے اور بیلاروس میں پاکستان کی ہلکی صنعتی اشیا اور خوردنی مصنوعات کی ڈیمانڈ ہے۔