پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولیاں دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ، نیا کنسلٹنٹ ہائیر کریں گے: عبدالعلیم خان
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے قومی ائیرلائن پی آئی اے کی نجکاری کےلئے دوبارہ بولیاں طلب کی جائیں گی، پی آئی اے کی نجکاری کرنی ہے تو دل بڑا رکھنا ہوگا،پہلے کنسلٹنٹ نے مطمئن نہیں کیا اب نیا کنسلٹنٹ ہائیر کریں گے، صاف پی آئی اے کو لے کر جائیں گے توہی نجکاری ہوگی،دل بڑا رکھنا ہوگا،سینٹ کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس سینیٹر طلال چودھری کی زیرصدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے پی آئی اے کی نجکاری پربریفنگ دی،اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کےلئے خریداروں کی عدم دلچسپی اور بنچ مارک سے کئی گنا کم بولی آنے کی وجوہات زیربحث آئیں، سینٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے علیم خان نے کہا میں جب وزیربنا تو پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شروع ہوچکا تھا، پی آئی اے میں ٹوٹل 830 ارب کے نقصانات تھے اور نجکاری کے وقت 45 ارب کا خسارہ تھا، جب ہم نے پی آئی اے کےلئے بولیاں مانگیں تو خواہش رکھنے والی پارٹیز آئیں، ایک دفعہ نجکاری کا عمل شروع ہو جائے تو اس کو تبدیل نہیں کر سکتے، اب پی آئی اے کی نجکاری کےلئے دوبارہ بولیاں مانگیں گے،وزیراعظم شہباز شریف کا پی آئی اے کی دوبارہ نجکاری پر فوکس ہے، ائیر انڈیا کی نجکاری بھی 5 بار ناکام ہوئی تھی، اس کے بعد جا کر ائیر انڈیا کی نجکاری ہوئی تھی، اگر پی آئی اے کو بیچنا ہے تو حکومت کو بڑا دل کرنا پڑے گا، پی آئی اے میں منافع بخش ادارہ بننے کا پورا پوٹینشل ہے، میں آج بھی کہتا ہوں پی آئی اے ایک منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے، پی آئی اے کی پاس بہت منافع بخش روٹ ہیں،وفاقی وزیر نجکاری نے مزید کہا ایف بی آر سے کہا تھا نئے طیاروں کی خریداری پر جی ایس ٹی ہٹالیں، پوری دنیا میں طیاروں پر جی ایس ٹی نہیں لیا جاتا مگر ایف بی آر اپنے ایک محور کے اندر ہے جو بات نہیں سمجھتا، حکومت کو نجکاری سے پہلے سرکاری اداروں کوتمام خساروں سے پاک کرنا چاہیے، پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ فوراً ہونا چاہیے، نجکاری میں دوسری وزارتوں کی مدد کی ضرورت ہے، سیکرٹری نجکاری کمیشن نے اجلاس کو بتایا سرمایہ کاروں نے 26 ارب روپے کاٹیکس معاف کرنے اور 10ارب روپے فنانسنگ کی ادائیگی اپنے ذمہ لینے کا کہا تھا۔

















