سموگ کی آڑ میں کاروبار بند کرنے کا فیصلہ ظالمانہ اقدام ہے :آصف خان، گلریز خٹک

لاہور (شوکت مروت) سموگ کی آڑ میں کاروبار بند کرنے کا حکومتی فیصلہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے، حکومت یہ دلیلیں تو دیتی ہے کہ سموگ انسانی صحت اور ماحولیات کیلئے خطرناک ہے لیکن اس سے بچاﺅ کیلئے کوئی اقدامات کوئی نہیں، بس قدغنیں لگائی جارہی ہیں۔ ان پابندیوں سے لوگوں کی معیشت پر منفی اثر پڑتا ہے، خاص طور پر روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے مزدور اور چھوٹے کاروباری افراد اس سے شدید متاثر ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداروں نے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ غلط ہے، ہم اسکو کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں، بجائے اسکے حکومت سموگ کی روک تھام کیلئے موثر پالیسی اور ٹھوس اقدامات کرے، ہمارا معاشی قتل کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ حکومت اپنی نااہلیوں کا ملبہ ہمارے کاروبار بند کرنے پر چھپا رہی ہے، حکومت کاروباروں کو بند کرنے کے بجائے انہیں ماحول دوست طریقے اپنانے میں مدد فراہم کرے۔ انکا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح اور معیشت کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ حکومت فیصلوں کے ساتھ ایسے اقدامات بھی کرے جو لوگوں کے روزگار کو متاثر نہ کریں اور ماحول کو بھی محفوظ بنایا جاسکے۔ حکومت کو چاہئے تھا کہ اس فیصلے سے پہلے متعلقہ سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لیتے جس سے اس معاملے کو بہتر طریقے سے حل کیا جاسکتا تھا۔ سموگ پاکستان کے بڑے شہروں خصوصاً لاہور، فیصل آباد اور کراچی جیسے علاقوں میں ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ ہمیں اسکا بخوبی علم ہے اس سے نہ صرف انسانی صحت کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ روزمرہ زندگی، معیشت، اور صنعتوں پر بھی اثر پڑتا ہے۔لیکن متعلقہ سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لئے بغیر پابندیاں لگانا ایک متنازعہ فیصلہ ہے،،دونوں رہنماوں کو کہنا تھا کہ ہمارے کاروبار پہلے ہی معاشی بحران، بڑھتی مہنگائی، اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں۔ سموگ کے نام پر بندش ان کیلئے مزید نقصان دہ ہے۔ تاجر رہنماﺅں کا مزید کہنا تھا کہ یہ کونسا انصاف ہے کہ سینما گھر رات 8 بجے تک اور ریسٹورنٹ شام 4 بجے بند کردئیے جائیں۔