اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے 6 رکنی آئینی بنچ نے کام شروع کردیا، پہلے دن ہی ڈیڑھ گھنٹے میں 18 مقدمات سن لیے،بے بنیاد مقدمہ بازی پر16 کیسز خارج ، ایک کیس میں درخواست گزار کو دوبارہ نوٹس ،دوسرے میںرپورٹ طلب کرلی،3 غیر سنجیدہ درخواست گزاروں پر 20،20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آئینی بنچ نے ماحولیاتی آلودگی کیس پرسماعت کی،بنچ نے قرار دیاملک میں ہر جگہ ہاوسنگ سوسائٹیز بنائی جارہی ہیں، جسٹس نسیم حسن شاہ کو خط میں لکھا گیا تھا اسلام آباد کو صنعتی زون بنایا جا رہا ہے، ماحولیاتی آلودگی صرف اسلام آباد نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے گاڑیوں کا دھواں ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ ہے، کیا دھویں کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے؟ پنجاب کی حالت دیکھیں سب کے سامنے ہے، اسلام آباد میں بھی چند روز قبل ایسے ہی حالات تھے،جسٹس نعیم اختر نے کہاہاو¿سنگ سوسائٹیز کے باعث کھیت کھلیان ختم ہو رہے ہیں، کاشت کاروں کو تحفظ فراہم کیاجائے، قدرت نے زرخیز زمین دے رکھی ہے لیکن سب ختم کرنے پر تلے ہیں،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی اپنا کردار ادا کیوں نہیں کر رہی؟ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے پورے ملک کو ماحولیات کے سنجیدہ مسئلے کا سامنا ہے، پٹرول میں کچھ ایسا ملایا جاتا ہے جو آلودگی کا سبب بنتا ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے مانسہرہ میں جگہ جگہ پولٹری فارم ،ماربل فیکٹریاں کام کر رہی ہیں، سوات کے خوبصورت مقامات آلودگی کا شکار ہوچکے ہیں،آئینی بنچ نے ماحولیاتی آلودگی پر اٹھائے گئے اقدامات پر تمام صوبوں سے رپورٹ طلب کرلی اورایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا پر سماعت 3 ہفتوں کےلئے ملتوی کردی۔
آئینی بنچ نے غیر ملکی خواتین سے پاکستانیوں کی شادیوں پر پابندی کی درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے اگر ایسی درخواستوں کو اجازت دی تو درخواست آجائے گی شادیوں سے روکا جائے۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا نظرثانی درخواست ہے، کیس کو دوبارہ نہیں کھول سکتے ، درخواست گزار کے وکیل نے کہا سپریم کورٹ نے بھٹو کیس بھی 40 سال بعد سنا،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا یہ فورم سیاسی تقاریر اور نہ بیک بائٹنگ کا ہے، قانون سے نہیں ہٹ سکتے، جسٹس علی مظہر نے کہا آپ غصے میں کیوں آ رہے ہیں؟ عدالت کی بات سنیں،جسٹس امین الدین نے استفسار کیا عدالت آپ سے سوالات پوچھ رہی لیکن آپ جواب کیوں نہیں دے رہے؟۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا آپ کیس دوبارہ کھولنا چاہتے ہیں؟ ، درخواست گزار وکیل نے جواب دیا میں عدالت کو حقائق بیان کر رہا ہوں، میرے پاس ریکارڈ نہیں لیکن بلوچستان سے ریکارڈ منگوایا جا سکتا ہے،جسٹس امین الدین نے کہا قانون بتائیں وزیراعلیٰ کےساتھ مشاورت کیسے ضروری ہے؟ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کیسز میں پرسنل نہ ہوا کریں، چھوڑ دیں قاضی صاحب کی جان،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ایسی درخواست پر بنچ کے سربراہ سے درخواست کروں گا معاملہ پاکستان بار کونسل کو بھیجیں،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا مقدمات میں ذاتیات پر نہیں آتے، مقدمہ قانونی کم اور سیاسی زیادہ لگ رہا ہے، پیٹھ پیچھے کسی کی برائی کرنے کا کوئی فائدہ نہیں،بعدازاں عدالت عظمیٰ کے آئینی بنچ نے قاضی فائز عیسیٰ کےخلاف دائر نظرثانی درخواست خارج کر دی۔
پی ڈی ایم دور حکومت میں قانون سازی کےخلاف درخواست 20 ہزار جرمانے کےساتھ خارج کی گئی جبکہ غیر ملکی جائیدادوں کےخلاف کیس میں درخواست گزار کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے، الیکشن کمیشن غیر ملکی اکاونٹس، اثاثوں پر قانون سازی کیسے کر سکتا ہے، جسٹس علی مظہر نے کہا درخواست گزار نے درخواست میں کوئی قانونی بات نہیں کی گئی،درخواست گزار مشتاق اعوان نے کہا میرا موقف ہے غیر ملکی اثاثوں، بینک اکاونٹس پر الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے معاملے پر قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے، کن لوگوں کے غیر ملکی اثاثے یا بینک اکاو¿نٹس ہیں، کسی کا نام نہیں لکھا۔
جسٹس مندوخیل نے کہا پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنے کا نہیں کہہ سکتے، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے معاملے پر قانون سازی کےلئے درخواست گزار اپنے حلقے کے منتخب نمائندہ سے رجوع کرے۔
علاوہ ازیںآئینی بنچ نے عام انتخابات 2024 ری شیڈول کرنے کی درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا وکیل نہیں آئے، بھاری جرمانہ ہونا چاہیے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا انتخابات ہونے پر درخواست غیر موثر ہوچکی ، موسم کی خرابی کے باعث انتخابات فروری کے بجائے مارچ میں کرانے کی استدعا کی گئی تھی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا معاملہ تو اب غیر موثر ہو چکا ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے دلائل میں کہا پارلیمنٹ کی قانون سازی کے اختیار پر عدالتی فیصلے میں آبزرویشن دی گئی ، پارلیمنٹ کے اختیار پر اٹھائے گئے سوال کی حد تک نظرثانی چاہتے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دئیے اب تو آپ نے آئین میں بھی ترمیم کرلی، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس میں سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کی قانون سازی کے اختیار کو تسلیم کیا ،پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس میں پارلیمنٹ کی قانون سازی پر اصول طے ہے،بنچ نے کیس غیر موثر ہونے کے سبب نمٹا دیا۔
ملک بھر میں لوڈشیڈنگ یکساں پالیسی متعارف کرانے کا ازخود نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا پالیسی میٹر ہے مداخلت نہیں کر سکتے،عارف علوی کی بطور صدر مملکت تقرری کےخلاف دائر درخواست پر آئینی بنچ نے درخواست گزار کو دوبارہ سماعت کا نوٹس جاری کر دیا،عدالتی عملے نے کہا درخواست گزار کو بھیجے گئے نوٹس کی سروس نہیں ہوسکی، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے ایسی درخواستیں جرمانے کےساتھ خارج ہوں تو ہی حوصلہ شکنی ہوگی،بنچ نے دوبارہ نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
آئینی بنچ نے مولوی اقبال حیدر کی 5 سال تک سپریم کورٹ میںداخلے پر پابندی کےخلاف درخواست بھی نمٹا دی،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے آپ کی پابندی کی حد ختم ہوچکی ، کہیں آپ پابندی میں توسیع کے ارادے سے تو نہیں آئے، مولوی اقبال حیدر نے جواب دیا نہیں میرا ایساارادہ نہیں ، اپنی کارروائی کے پہلے روز آئینی بنچ نے بے بنیاد مقدمہ بازی پر درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر 60 ہزار روپے کے جرمانے کیے۔
16مقدمات خارج،جرمانے،قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے:آئینی بنچ



















