عمران خان کی فرادہ کردہ لسٹ کے مطابق ملاقات کرائی جائے،تحریری حکمنامہ

اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور: (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)عمران خان کی جانب سے فراہم کردہ لسٹ کے مطابق ملاقات کرائی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے حکم جاری کیا،عدالتی حکم میں لکھا گیا عمران خان سے فراہم کردہ لسٹ کے مطابق منگل کو ملاقات کرائی جائے، فیملی کی ملاقات رواں ہفتے منگل کے بجائے جمعرات کو کرائی جائے، عمران خان ملاقاتیوں کے نام خود دیں گے۔

تحریری حکم میں کہا گیا بانی پی ٹی آئی سے لسٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل لیں گے ، ایڈووکیٹ جنرل اور پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کو واٹس ایپ کیا کریں گے۔

ادھر توشہ خانہ 2 کیس میں عمران ، بشریٰ کی بریت درخواستوں پر فیصلہ نہ ہو سکا،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میںتوشہ خانہ 2 کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 14 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ۔

دریں اثنا پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف صوبے بھر میں درج مقدمات کی رپورٹ جمع کرادی گئی، لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس فاروق حیدر نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی جس کے دوران پنجاب پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر پنجاب بھر میں 54 مقدمات درج ہیں،عدالت عالیہ کی جانب سے ایف آئی اے سے بھی رپورٹ طلب کرلی گئی،بعدازاں عدالت کی جانب سے کیس کی مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔