سموگ کیخلاف ملکر کام ناگزیر، ماحولیات کی حفاظت کا پیغام دینا ہوگا :احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی سموگ اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عالمی بینک، پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ، وزارت ماحولیات کے ڈی جی، آئی ایف اے ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر، ممبر پلاننگ ماحولیات، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی، سول سوسائٹی، این ڈی ایم اے اور تمام صوبوں کے پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ احسن اقبال نے سموگ کے اسباب اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے جسے اب ایک ایمرجنسی کے طور پر لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے رویوں کو نہ بدلا تو سموگ اور فضائی آلودگی کے سبب صحت اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، اس سے نہ صرف عوام کی صحت متاثر ہوگی بلکہ ملک کی جی ڈی پی کی شرح میں بھی کمی کا خدشہ ہے۔