PTIکا صوابی میں پاور شو،عمران خان جلد فائنل کال دینگے:گنڈا پور

صوابی:(نمائندہ مشرق)پی ٹی آئی کا صوابی میں پاور شو،وزیر اعلیٰ کے پی نے جلد فائنل کال دینے کا اعلان کر دیا۔

علی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاعمران خان رواںمہینے فائنل کال دیں گے، کارکن تیاریاں شروع کردیں، اب ہم اپنے قائد کو رہا کرائے بغیر واپس نہیں جائیں گے،میں ہمیشہ کارکنوں کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں، پاکستان کو آزاد کرانے کےلئے آباواجداد نے قربانیاں دیں،آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی، اب بانی پی ٹی آئی کی سربراہی میں حقیقی آزادی کےلئے نکلنا ہے، عہد کرنا ہوگا عمران خان کے دئیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

گنڈاپور نے کہا کارکن فائنل معرکے کی تیاریاں شروع کردیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہے اورعمران خان کو رہا کرانے تک واپس نہیں آئیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا صوابی جلسہ ریفرنڈم ،عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے، امریکہ میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ اپنی پرانی ٹوئٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں لیکن میں کہنا چاہتا ہوں امریکہ سے مدد کے طلبگار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے ہی آئے گی،عمران خان کو باہر رکھ کر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں ہوسکتی وہ ایک ہی بات کرتے ہیں میں عوام کے حقوق کی خاطر جیل میں ہوں

بیرسٹر گوہر نے کہابانی پی ٹی آئی کو سہولیات سے محروم رکھا گیا لیکن کبھی بیمار ہونے کا شکوہ نہیں کیا،حکومت 26ویںآئینی ترمیم کے ذریعے مرضی کی عدلیہ چاہتی ہے لیکن عدلیہ کو آزاد کروا کر دم لیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہاملک میں جبر کا جو نظام قائم ہے ،کسی پاکستانی کی کوئی حیثیت نہیں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام ہے پاکستان کی سڑکیں تمہاری منتظر ہیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور نہ ہی کسی کی دھونس و دھمکی میں آئیں گے۔

حماد اظہر نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا عمران خان پر امن انسان اور آئین پر یقین رکھتا ہے، جتنی عوام بانی پی ٹی آئی کےساتھ ہے اگر وہ چاہتے تو یہاں بنگلہ دیش سے زیادہ بڑا سماع بن چکا ہوتا،پہلے جعلی پارلیمان بنائی گئی اور اب قانونی سازی کی جارہی ہے، عمران خان کی کال پریکجا ہوکر نکلنا ہے۔