لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے امریکہ سے چھین کر آزادی لینے والے ٹرمپ کی غلامی کےلئے مرے جارہے ہیں ،پی ٹی آئی کے احتجاجی ڈراموں کا مقصد اڈیالہ کے قیدی کو معافی دلانا ہے جو کبھی نہیں ملے گی،اڈیالہ جیل کا قیدی ذاتی فائدے کےلئے ہر کسی کے پاﺅں پکڑنے کےلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہافتنہ پارٹی کے پی میں جلسہ جلسہ کھیلے یا دیہاڑی پر بندے لائے ،کوئی فرق نہیں پڑتا، صوابی جلسے میں حسب روایت میونسپل عملہ، ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کو سادہ کپڑے میں لایا گیا، جلسہ گاہ میں ہی تمام سرکاری ملازمین کی حاضریاں لگیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونےوالے وفاق کے دئیے فنڈز احتجاج و جلسوں کی نظر کر رہی ہے،گزشتہ روز گنڈا پور نے رہا ہونے والے پارٹی کارکنوں میں ہزار ہزار کے نوٹ تقسیم کئے، کم ادائیگی پرباقاعدہ گلہ بھی کیا گیا ،5،5ہزار دیہاڑی کی لت پڑنے والے کم پیسہ ملنے پر شکوے شکایات تو کریں گے۔
پی ٹی آئی کے احتجاجی ڈراموں سے اڈیالہ کے قیدی کو معافی نہیں ملے گی،عظمیٰ بخاری

















