ججز کیخلاف مضحکہ خیز شکایات پر کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ججز کےخلاف 10 شکایات ناکافی شواہدکی بنیا د پر خارج،سپریم جوڈیشل کونسل نے مضحکہ خیز شکایات دائر کرنےوالوں کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کرلیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر مشاورت کا دائرہ وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میںجسٹس منصور علی شاہ ،منیب اختر ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق ،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ہاشم کاکڑ نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کونسل نے ججز کےخلاف 10 شکایات ناکافی شواہد کی بنیاد پر خارج کر دیں، اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پرمشاورت کا دائرہ کار وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا ،جوڈیشل کونسل کا کوڈ ججز کے علاوہ دیگر اداروں پر لاگو ہوتا ہے، کوڈ آف کنڈکٹ کے معاملے پر مشاورت کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آئندہ اجلاس میں کوڈ آف کنڈکٹ ترمیم پرغور کیا جائے گا۔


جوڈیشل کونسل نے اعادہ کیا کونسل کا اجلاس ماہانہ بنیادوں پر بلایا جائے گا، اجلاس ماہانہ بلانے کا مقصد جوڈیشل کمیشن میں شکایات کو جلد نمٹانا ہے، من گھڑت و بے بنیاد شکایات کنندگان کےخلاف ضابطے کی کارروائی آگے بڑھائی جائےگی،جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کی تجویز پر رولز کا ڈرافٹ آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا ،کونسل نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو کونسل کےلئے سیکرٹری تعینات کرنے کا اختیار دےدیا۔