سفراءکیلئے ڈپلومیٹک انکلیو میں کاسکیڈ خدمت مرکز کا افتتاح

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے بڑا اقدام،وزیر داخلہ محسن نقوی نے ”کاسکیڈ“ خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا،ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ میں پہلی بار ”کاسکیڈ“ جدید ترین خدمت مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ،ڈپلومیٹک کمیونٹی ، غیر ملکی شہریوں کو 12 سے زائد خدمات ایک چھت تلے ملیں گی۔

محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے ”کاسکیڈ“ خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر کہا خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءو تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس تصدیق، گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن کی سہولت میسر ہو گی، غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، رضا کاروں کی رجسٹریشن،گاڑیوں کی تصدیق اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔

وزیر داخلہ نے کہا وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سفراءاور غیرملکیوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، مرکز سفارتی برادری اور تمام مہمانوں کےلئے سکیورٹی و خدمات کی فراہمی کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، ڈپلومیٹک انکلیو سمیت پورے دارالحکومت کو خوبصورت بنانا مشن ہے، خدمت مرکز کے قیام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سفارتکاروں کی مابین روابط اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوں گے، 1500 سے زائد پولیس و ایف سی اہلکار ،20 پولیس گاڑیاں ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔