PEA کی جانب سے خصوصی سی ای اوز میٹ اپ

لاہور:(کامرس رپورٹر) پاکستان ای کامرس ایسوسی ایشن (PEA) کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں پاپ کارن سٹوڈیو ڈی ایچ اے لاہور میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں پاکستان بھر سے ای کامرس صنعت کے اعلیٰ رہنما شریک ہوئے، تقریب صنعت کے بصیرت انگیز رہنماوں کےلئے ایک منفرد موقع تھا جس میں صنعت کی ترقی اور اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تقریب کی میزبانی پی ای اے کی مرکزی قیادت نے کی جس کی سربراہی عمر مبین چیئرمین، عتیق احمدوائس پریذیڈنٹ، سحرش علی جنرل سیکرٹری، عمیر ارشد انفارمیشن سیکرٹری، فہیم رضاکنونیئر اور اعظم ملک مشیر نے کی، انہوں نے ای کامرس صنعت کے کلیدی شخصیات کو ایک حکمت عملی پر مبنی گفتگو اور نیٹ ورکنگ کےلئے خوش آمدید کہا جس میں ایسوسی ایشن کی طرف سے ای کامرس کے مستقبل کو ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تقریب میں اہم سی ای اوز اور ڈیجیٹل کامرس کی نمایاں شخصیات عمر گھمن سی ای او پاکستان، بلال صداقت پاپا جونز امریکہ کے فرنچائز مالک، بابر سی ای او پوسٹ ایکس شامل تھیں۔