آئینی بنچوں کیلئے ججز کی تقرری،جوڈیشل کمیشن کااجلاس طلب،پارلیمانی جماعتوں کی نامزدگی،نام ارسال

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ)آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس طلب کرلیا۔

چیئرمین سینٹ اورسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کےلئے اراکین پارلیمنٹ کے نام سپریم کورٹ کو ارسال کیے جانے کے بعد چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس 5نومبر کو بلا لیا،جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اجلاس منگل کو دن 2بجے سپریم کورٹ میں ہوگا،اجلاس میں سیکرٹریٹ کے قیام، آئینی بنچز کےلئے ججوں کی نامزدگی پر غور ہوگا ،آئینی بنچ کے موسٹ سینئر جج بھی جوڈیشل کمیشن کے ممبر ہوں گے۔

اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر ،جسٹس امین الدین خان ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین ،اراکین پارلیمنٹ فاروق ایچ نائیک،شبلی فراز، عمر ایوب ،شیخ آفتاب احمد ،روشن خورشید بروچہ شرکت کریں گی،26 ویں آئینی ترمیم اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کے بعد پہلا اجلاس ہوگا، رکن کمیشن اختر حسین ایڈووکیٹ نے کہا اجلاس کے ایجنڈے ا علم نہیں، صرف کال موصول ہوئی۔

،قبل ازیںجوڈیشل کمیشن کیلئے پارلیمانی جماعتوں کی نامزدگی کرکے قومی اسمبلی اور سینٹ سے پارلیمنٹیرینز کے نام سپریم کورٹ کو ارسال کیے گئے،جوڈیشل کمیشن کیلئے سینٹ قومی اسمبلی سے فاروق ایچ نائیک،شبلی فراز،عمر ایوب ،شیخ آفتاب ،خاتون کی نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیاگیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق 26 ویں ترمیم کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن میں 5اراکین پارلیمنٹ کو شامل کیا ،تمام نامزدگیاں سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دی گئیں، پارلیمنٹ سے بھجوائے گئے ناموں میں حکومت اپوزیشن کی برابر کی نمائندگی ہے،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی اور تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بعد نام بھجوائے اور تمام نامزدگیاں سپریم کورٹ کو موصول ہوگئیں۔

دوسری جانب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جیلوں میں اصلاحات کا آغاز کر دیا،لا اینڈ جسٹس کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لاہور میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں اہم مشاورتی اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے انتظامی جج جسٹس شمس محمود مرزا، ہوم اینڈ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریز، انسپکٹر جنرل آف پولیس ،آئی جی جیل خانہ جات ،رجسٹرار سپریم کورٹ، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن، سنٹرل جیل لاہور کی سپرنٹنڈنٹ صائمہ امین خواجہ ،قید کاٹنے والے حکومتی و حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے اراکین سینیٹر احد چیمہ ،خدیجہ شاہ بھی شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فوجداری انصاف میں اصلاحات کی حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر جیل اصلاحات و قیدیوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کی گئی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا منصفانہ قانونی فریم ورک یقینی بنانے کےلئے جیل کا انسانی و موثر نظام ضروری ہے، لا اینڈ جسٹس کمیشن کے جمع کردہ اعداد و شمار سے ملک بھر میں جیلوں کی تشویشناک صورتحال کا پتہ چلتا ہے، 66 ہزار 625 قیدیوں کی گنجائش میں ایک لاکھ 8 ہزار 643 قیدیوں کو رکھا گیا ،پنجاب کو خاص طور پر شدید چیلنجز کا سامنا ہے، پنجاب میں 36 ہزار 365 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد 67 ہزار 837 ہے، 36ہزار 128 قیدی ایک سال سے زیادہ عرصے سے مقدمے کی سماعت کے منتظر ہیں، صورتحال نظام انصاف کےلئے اہم مسئلے کو اجاگر کرتی ہے۔


لا اینڈ جسٹس کمیشن اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے پنجاب میں فوری مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا،اجلاس میں جیل ریفارمز کمیٹی کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، چیف جسٹس نے پنجاب کی جیلوں کے معائنے کے بعد سفارشات کےلئے ذیلی کمیٹی قائم کر دی ،کمیٹی میںجسٹس ریٹائرڈ شبر رضا رضوی، صائمہ امین خواجہ، احد چیمہ اور خدیجہ شاہ شامل ہیں۔