ایس سی او کانفرنس کی کوریج کیلئے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر کا افتتاح، ریڈ ٹیپ سے ریڈکارپٹ تک کا سفر طے کیا: عطا تارڑ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شنگھائی تعاون کانفرنس کی کوریج کرنے والے مقامی و غیرملکی صحافیوں کیلئے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر کا افتتاح کردیا،افتتاح کے موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، آج اور کل اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون اجلاس کے موقع پر مقامی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر سے مستفیدہوں گے،پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں قائم میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر میں کمپیوٹر لیب، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، ڈیجیٹل پرنٹر، ڈیجیٹل سٹوڈیو، پوڈ کاسٹ سٹوڈیو، میڈیا لائبریری، کانفرنس روم سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر میںپی آئی ڈی کی طرف سے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں،ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی جانب سے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر میں ڈیجیٹل لائبریری ، میڈیا سینٹر میں مقامی اور غیر ملکی صحافیوں کی سہولت کیلئے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے، سینٹر میں ایس سی او کانفرنس کی کوریج کرنےوالے صحافیوں کیلئے 24 گھنٹے سہولیات دستیاب ہوں گی،ایس سی او کیلئے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیابی سے جاری ہے، ہم نے ثابت کیا ہم شنگھائی تعاون کانفرنس کی میزبانی کرنا جانتے ہیں،شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہونے جارہا ہے، یہ ہمارے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے، ہمارا خواب ہے جی 20 کا اجلاس بھی یہاں منعقد ہو، پاکستانی بہت میزبان لوگ ہیں،شنگھائی تعاون تنظیم میں آنے والے صحافیوں کیلئے میڈیا سہولت سینٹرکا اجرا کیا گیا ہے، اپنی پوری ٹیم کو شاباش دوں گا، دنیا سے آنے والے صحافیوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے انتظامات کیے ہیں، سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا سینٹر بنایا ہے، باہر سے آنے والے اور لوکل صحافیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔



















