وزیراعلیٰ پنجاب ویژن پر تمام منصوبوں کی بروقت، شفاف تکمیل یقینی بنائیں گے :شافع حسین

گجرات (بےورو رپورٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ گجرات ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت عوامی بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے ضلع گجرات کے سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن کو بھی ترجیحات میں شامل قرار دیا اور بتایا کہ حکومت نکاسی آب کے مسائل کے مستقل حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تمام منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا حکومت شفافیت کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے اور عوامی منصوبوں میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں، ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے اور حکومت ترقیاتی رفتار کو مزید تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ گجرات میں جاری ترقیاتی سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے اور گجرات کی ترقی کیلئے نئی سکیموں کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ گجرات ڈویژن کی بحالی جلد مکمل کر لی جائیگی جس سے خطے کی ترقی میں مزید تیزی آئیگی۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلم لیگ (ق) ہمیشہ ملک اور آئین کی بہتری کیلئے کام کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہی جماعت عوامی خدمت کو اوّلین ترجیح دے گیصوبائی وزیر نے جوڈیشل ریفارمز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے جوڈیشل ریفارمز ضروری ہیں۔ انہوں نے ججوں کی نئی بھرتیوں اور آئین میں ترمیم کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عدلیہ کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ چوہدری شافع حسین نے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو کچھ عناصر کو ڈی چوک کی یاد ستانے لگتی ہے ایسے عناصر کو شاید ترقی کرتا ہوا پاکستان پسند نہیں ہے، لیکن حکومت ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہے اور کسی کو اس راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائیگا۔