پی ٹی آئی،طالبان ایک سکے کے دو رخ،دشمن جیسا سلوک ہوگا،عظمیٰ بخاری

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پی ٹی آئی،طالبان ایک سکے کے دو رخ، دونوں ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،تحریک فساد نے ریاست کے خلاف اعلان جنگ کیا وہی سلوک ہوگا جو جنگ میں دشمن سے کیا جاتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہاگنڈا پور بھارتی تامل فلموں کے ہیرو سے بھی 4 ہاتھ آگے نکل گئے، پی ٹی آئی نے اپنے پارلیمنٹیرینز کو اغوا کر کے کے پی کے میں محبوس کر رکھا ہے، پی ٹی آئی فاشسٹ جماعت ہے ، اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے،تمام سیاسی جماعتوں بشمول میڈیا اور عدلیہ کو ملک دشمنوں کےخلاف یک زبان ہونا پڑے گا، تحریک فساد سے جان چھڑائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،اس بار کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، احتجاج کی کال دے کر انھوں نے اپنے پاﺅں پر کلہاڑی ماری ہے۔

ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا جب یہ لوگ حکومت میں تھے تو انکا فون تک کوئی نہیں اٹھاتا تھا، اب 12 ممالک کے سربراہان پاکستان آ رہے ہیں تو ان کو تکلیف ہو رہی ہے، کبھی یہ انڈیا کے وزیر خارجہ کو اپنے احتجاج میں بلاتے ہیں تو کبھی اسلام آباد کو بند کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں، ملکی ترقی پی ٹی آئی سے ہضم نہیں ہو رہی،تحریک انصاف نے ہمیشہ ملک کی ترقی کےخلاف کام کیا، مقصد فتنہ اور فساد پھیلانا ہے، کپتان پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کےخلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا پی ٹی آئی کا ملک میں فتنہ فساد کرنے کا ٹریک ریکارڈ ہے، احتجاج کی سیریل دوبارہ شروع کی جا رہی ہے اگر ہمت ہے تو خود لیڈ کریں،تحریک انصاف سیاسی نہیں دہشت گرد جماعت ہے، پی ٹی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، تحریک تضاد یا تحریک انتشار کہہ لیں ایک ہی چیز ہے، کئی سالوں بعد شنگھائی کانفرنس ہونے جا رہی ہے، ایس سی او پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا ہے۔