چینی باشندوں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی :احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے جمعرات کے روز چائنا پاور ریسورسز کے چیئرمین ژونگ ہائشیانگ اور پورٹ قاسم پراجیکٹ کے چیئرمین ہی شیویو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور دو روز قبل کراچی میں چینی اہلکاروں پر ہونیوالے حملے اور کارکنوں کی حفاظت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے کراچی کے حالیہ واقعہ میں دو چینی کارکنوں کی المناک ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ احسن اقبال نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے چینی اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت اور حکومت پاکستان کی جانب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت چینی شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے، اس واقعہ کی مکمل تحقیقات مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کر رہے ہیں اور ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ انہوں نے زور دیا کہ چینی کارکنوں کی سکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، سکیورٹی کے نظام کو مزید سخت کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، جوائنٹ چیف اکنامسٹ ظفرالحسن اور وزارت منصوبہ بندی کے سی پیک منصوبے کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ دونوں فریقین نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی کامیاب تکمیل اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔