اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے معاشی استحکام میں رکاوٹیں ڈالنا بڑی ملک دشمنی، وفاق پر دن رات چڑھائی ،گالیاں اور دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن اب 2014 جیسی کوئی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ایک جتھے کو ملکی ترقی منظور نہیں،خوشحالی کے سفرکو اب کوئی نہیں روک سکتا،شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا بشام کے بعد کراچی میں دہشتگردی کا انتہائی افسوسناک واقعہ ہوا،2 چینی بھائی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا،چین جا کر یقین دہانی کرائی حکومت نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے لیکن پھر بھی کراچی جیسا واقعہ ہونا بدقسمتی اور ملک کےخلاف سازش ہے،چینی سفیر سے ملاقات میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاتمام تر کاوشوں کے باوجود واقعہ ہونے پر شرمندگی ہے لیکن حوصلہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ،سکیورٹی کو مزید بہتر کرنے کےلئے اقدامات اٹھائیں گے، ایس سی او کےلئے جامع انتظامات ہونے کی تسلی دی۔
شہبازشریف نے کہاآئی ایم ایف پروگرام منظور کرنے پر ایم ڈی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایم ڈی آئی ایم ایف نے بھی تسلیم کیاپاکستان میں اصلاحات لائق تحسین ہے، سعودی عرب، یو اے ای اور چین نے پروگرام دلوانے میں بھرپور تعاون کیا ،ملائیشیاءکے وزیراعظم کادورہ کامیاب رہا، سعودی عرب کے وفد کا دورہ ہونے والا ہے پھر چین کے وزیراعظم آئیں گے،پاکستان کو ایس سی او کی مہمان نوازی کا موقع مل رہا ہے ایسے موقع پر چینی انجینئر کو ٹارگٹ کرنا افسوسناک ہے۔
وزیراعظم نے کہا وفاق کے اوپر دن رات چڑھائی ، دھمکیاں دینے کےساتھ انتہائی افسوناک ،بے ہودہ گفتگو کی جارہی ہے، آپ جانتے ہیں کس طرح 15-2014 میں ڈی چوک پر دھرنا دے کر سب کچھ کیا گیاایک بار پھر پاکستان کےخلاف دشمنوں اور گھس بیٹھیوں کے ناپاک عزائم کو دہرایا جارہا ہے،چینی صدر کے دورہ پاکستان کا اعلان ہوگیا لیکن بانی پی ٹی آئی کواحساس نہیں دورہ ملتوی ہونے سے کتنا معاشی نقصان ہوگا،2014میں دھرنے سے ملک کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
شہباز شریف نے کہا ملکی معیشت پر پھر ضرب لگانے کی کوشش کی جارہی ہے،آئی ایم ایف پروگرام ہوچکا، مہنگائی 32 فیصد سے 9.6 فیصد پر آگئی ، برآمدات،آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہا ہے لیکن ایک جتھے کو پاکستان کی ترقی منظور نہیں،افراتفری کے ماحول میں کون سرمایہ کاری کرےگا؟سرمایہ کاری وہی ہوتی ہے جہاں امن و خوشحالی ہو،سعودی عرب پاکستان سے 2 ارب ڈالر کا معاہدہ کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا خیبرپختونخوا سے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں جلوس میں افغان شہری، سرکاری پولیس و دیگر اہلکار موجود تھے، جہاں سے ہوائی فائرنگ کی گئی، عوام کو کسی بات کو نہ بتانا ملک سے زیادتی ہے،دن رات محنت کرکے ایف بی آر نے فائلرز کی تعداد دگنی کردی ،ٹیکس بیس بڑھ رہا ہے،سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،پٹرول کی قیمتیں پانچویں مرتبہ کم کی گئیں ،ٹیکس چوری کو روکنے کےلئے اصلاحات کررہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہادہشتگردی کےخلاف سکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دیں، خارجی و اندر کے دشمن ایک ہوگئے ،فنڈنگ کہاں سے ہورہی ہے سب کو معلوم ہے،معاشی استحکام میں رکاوٹیں ڈالنے سے بڑی ملک دشمنی کوئی نہیں،معیشت مثبت سمت گامزن ہے ، قوم سے وعدہ ہے کسی کو 2014 کی تاریخ دہراکر ملکی معیشت کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے، پی ٹی آئی نے معیشت پر کاری ضرب لگائی، سازشی عناصرمعیشت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں،فسادی ہوش کے ناخن لیں،نواز شریف نے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا،پی ٹی آئی نے 300 ارب ڈالرواپس لانے اور کرپشن کے خاتمے کے نعرے لگائے تاہم قوم نے سب دیکھ لیا۔
وزیراعظم نے کہاملک کی خدمت سنجیدہ کام ہے،مخلوط حکومت نواز شریف کی قیادت میں پورا حصہ ڈال رہی ہے،دنیا بہتر پالیسیوں کی معترف ہے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے ،دوست نما دشمنوں کو نہ پہچانا اور 7ماہ میں حاصل کی گئی کامیابیوں کاتحفظ نہ کیا تو ملک ،معیشت کو نقصان ہو گا،کھویا مقام حاصل کرنے کیلئے محنت کرنا ہوگی۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ نے فلسطین ،لبنان میں امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے سٹیٹ بینک کو ریلیف فنڈ کیلئے اکاﺅنٹ کھولنے کی ہدایت کردی ،اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال امدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔
اجلاس میںورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کے فیصلوں کی روشنی میں ماہی گیری شعبے میں سبسڈیز معاہدے،گوادر ،شنگھائی بندرگاہ کو سسٹر پورٹس کی حیثیت دینے ،وزارت خارجہ،روانڈا کی وزارت خارجہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت ،وزارت خارجہ ،گھانا کی وزارت خارجہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری بھی دےدی گئی،جوڈیشل مجسٹریٹ گوادر اور جوڈیشل مجسٹریٹ حب کو انسداد منشیات کے مقدمات سننے کا اختیار دےدیا گیا۔
دریں اثنا غزہ ،فلسطین میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کیلئے منعقد ہ اجلاس میںوزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کےلئے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل 3دن میں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا صیہونی افواج کے زیر عتاب فلسطینی بھائیوں کی مدد کےلئے بحیثیت قوم متحرک ہونا پڑےگا، حکومت لبنان میں پھنسے 71 پاکستانی شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لارہی ہے، امدادی سرگرمیوں میں ملک کی معروف این جی اوز کو شامل ،غزہ سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو پاکستان میں تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، قومی و سیاسی امور ،فلسطینیوں کی امداد کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،شہبازشریف نے کہاآل پارٹیز کانفرنس اور ملک میں جمہوری استحکام کیلئے صدر مملکت آصف زرداری کا کردارقابل تعریف ہے،فلسطینیوں کی امداد کیلئے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت خوش آئند ہے ،پوری پاکستانی قوم اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کیلئے متحد ہے۔
ہفتہ وار مہنگائی میں 0.11 فیصد کمی ،20اشیا کے نرخ بڑھ گئے
تقسیم کے حق میں نہیں، صرف صوبہ جنوبی پنجاب کی حد تک بات ہو سکتی ہے،بلاول
ترک صدر اردوان نے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی
ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان
فضل الرحمن کے ساتھ ہونیوالے واقعے پر پنجاب حکومت سے رابطہ کروں گا: گورنر کے پی
قانون سازی کے پیچھے چھپی نیتیں اکثر اداروں کو سمجھ نہیں آتیں: محسن کیانی
سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ
پاکستان کا 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف ہے:احسن اقبال
جنگ میں فتح کے قریب ، ایران کو معاہدے کا موقع دے رہے ہیں: ٹرمپ
کارڈیک ایمرجنسی میں چند لمحوں کی تاخیر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے،پروفیسر سید عمران الحسن



















