برانڈ بزنس اکانومی سے ملک میں حقیقی معاشی انقلاب لایا جاسکتا ہے: گورنر پنجاب
اسلام آباد (بیورو رپوٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ برانڈ بزنس اکانومی کے ذریعے ملک میں معاشی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں برانڈ آف دی ایئر ایوارڈ 2023-24ءکی پر وقارتقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ برانڈز فاونڈیشن کے زیر اہتمام صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت شمالی علاقہ جات کیلئے یہ نارتھ ریجن کی پہلی تقریب تھی جس نے برانڈز فاونڈیشن کے روح رواں شیخ راشد عالم اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کی بدولت شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر بہت بڑی تعداد میں معزز مہمانوں اور اعلی شخصیات نے ملکی معیشت کی ترقی میں برانڈز فاونڈیشن کی کاوشوں کو زبردست تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے 175 کمپنیوں کے مشہور و معروف برانڈز کو ایوارڈز پیش کئے۔اپنے خطاب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ ایک مضبوط، منفرد اور وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ برانڈ کا ہونا ملک کی معیشت کو نمایاں طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی استحکام کے حصول کیلئے برانڈ اکانومی کلچر کی ترقی کو ترجیح دینے کی فوری ضرورت ہے۔ایوارڈز نیشن پرائیڈ، برانڈ آئیکون، برانڈ سائنٹسٹ، انویٹیو برانڈ، بہترین سی ای او، اور تیزی سے ترقی اور مقبولیت حاصل کرنے والے ابھرتے ہوئے برانڈ جیسی کیٹیگریز میں دئیے گئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ برانڈ آف دی ایئر ایوارڈ ملک میں سب سے زیادہ قابل اعتماد اور مقبول برانڈز کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور پہچاننے کیلئے سب سے بڑے اور معتبر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ تقریب کےقابل ذکر حاضرین میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نو منتخب صدر ناصر منصور قریشی، ایف پی سی سی آئی کے زونل چیئرمین ذکی اعجاز اور پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین محسن ایوب خان شامل تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی برانڈز ایمپاورمنٹ اکانومی کو فروغ دینے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ ایف پی سی سی آئی کے زونل چیئرمین ذکی اعجاز نے کہا کہ پاکستان کے برانڈز کو سامنے لانے اور بین الاقوامی سطح پر ان کو نمایاں مقام دلانے میں برانڈز ایوارڈ نمایاں کر دار ادا کرسکتے ہیں۔ برانڈ فاونڈیشن کے بانی اور سربراہ شیخ راشد عالم نے حاضرین کو بتایا کہ یہ پروگرام 17 سال قبل اس وقت کے وزیراعظم نے اسلام آباد میں شروع کیا تھا اور اس کے بعد سے اس میں ہر گزرتے وقت کے ساتھ نمایاں ترقی ہوئی۔ راشد عالم نے کہا کہ فاونڈیشن گزشتہ 17 سالوں سے ہر سطح پر پاکستان میں برانڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ تقریب میں مختلف کمپنیوں کی وسیع نمائندگی سے برانڈز ایوارڈ کی مقبولیت کا بخوبی اندازا لگایا جاسکتا ہے۔ برانڈز فاﺅنڈیشن کی انتظامیہ برانڈ اور حقوق دانش کی اہمیت کو وسیع پیمانے پر فروغ دے کر ملکی معیشت کی تیزرفتار ترقی کیلئے پر عزم ہے۔



















