کراچی دھماکہ قابل مذمت، ملوث عناصر ملک دشمن ہیں: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ رات ہونے والے المناک واقعہ پر گہرا صدمہ اور دکھ ہوا، دھماکے کے مجرم پاکستان کے کھلے دشمن ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 قیمتی چینی جانیں ضائع ہوئیں اور ایک زخمی ہوا، اس گھناو¿نے فعل کی شدید مذمت کرتا ہوں، چینی قیادت اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اندوہناک واقعہ کے مرتکب پاکستانی نہیں بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، ان کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، ہم ان کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔