اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ممکنہ آئینی ترامیم پرحکومت ،بار کونسل کمیٹی کا متعدد شقوں پر اتفاق ،حکومت کاپارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کااجلاس بلانے کافیصلہ،اسلام آباد کی تینوں وکلا تنظیموں نے مجوزہ آئینی ترمیم رکوانے کےلئے مزاحمت کا اعلان کردیا۔
حکومت ،بار کونسل کمیٹی نے اتفاق کیا ممکنہ ترامیم کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کی مدت نہ بڑھائی جائے ،وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی ریٹائرمنٹ مدت 68 سال مقرر ،سپریم کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ مدت 65 سال برقرار رہے گی،مجوزہ آئینی ترمیم میں کہا گیا وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی مدت میں 3 سال کا اضافہ ہوگا، سپریم کورٹ کے ٹاپ تھری ججز میں سے کسی ایک کو چیف جسٹس بنایا جائے گا۔
پاکستان بار کونسل نے وفاقی آئینی عدالت میں ججز تقرری کے طریقہ کار پر حکومتی مسودے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا وفاقی آئینی عدالت میں صدر ،وزیراعظم کو ججز کی تقرری کے اختیار سے اتفاق نہیں کرتے، 4 حکومتی ،4 اپوزیشن اور ایک بار کونسل کا نمائندہ وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی تقرری کرے،ہائیکورٹ کے جج کی تقرری کےلئے عمر کم ازکم 45 سال ہونی چاہیے، آئین کے آرٹیکل 63 اے میں ترمیم کی جائے، پارٹی پالیسی کےخلاف ووٹ دینے والے ممبر کو 5 سال کےلئے نا اہل کیا جائے۔
دریں اثنا حکومت نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کااجلاس بلانے کافیصلہ کر لیا،حکومت نے بیرون ملک موجوداراکین پارلیمنٹ کوواپس بلالیا ،اجلاسوں میں حکومت کی طرف سے آئینی ترامیم لائی جاسکتی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد کی تینوں وکلا تنظیموں نے مجوزہ آئینی ترمیم رکوانے کےلئے مزاحمت کا اعلان کردیا، اسلام آباد ہائیکورٹ ، ڈسٹرکٹ اور بار کونسل کے نمائندوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ترامیم کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا7 اکتوبر کو آل پاکستان وکلا کنونشن بلائینگے،حکومت آئین سے چھیڑ چھاڑ کرکے وفاق کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے،ملک میں کسی کو سول مارشل لا نہیں لگانے دیں گے۔
ممکنہ آئینی ترامیم پر حکومت ،بارکونسل کمیٹی کا متعدد شقوں پر اتفاق



















