توانائی کے شعبہ میں اصلاحات انتہائی ناگزیر ہیں: صدر لاہور چیمبر ، تین روزہ پاکستان انرجی نمائش کا افتتاح

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے تین روزہ پاکستان انرجی نمائش کا شاندار افتتاح کر دیا۔چین کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر کاﺅ، نمائش کے چیف آرگنائزر عاطف ذیشان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرا دکی بڑی تعداد نمائش کی افتتاحی تقریب میں موجود تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ انرجی ٹیرف میں کمی لائی جاسکے جو کاروباری شعبہ کیلئے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں توانائی ناگزیر بن چکی ہے لیکن پاکستان میں اس کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے انڈسٹری کو مسائل کا سامنا ہے ، معیشت متاثر ہورہی ہے جبکہ انرجی کی طلب میں بھی واضح کمی ہوئی ہے۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز بھاری کپیسٹی چارجز کی ادائیگی نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ ہے بلکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز اپنی سرمایہ کاری سے کئی سو گنا منافع کما چکی ہیں ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے توانائی کے شعبہ کو منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر چین کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر کاﺅ کے نے کہا کہ چین پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان حقیقی بھائی ہیں اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔نمائش کے چیف آرگنائزر عاطف ذیشان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان انرجی نمائش کا بنیادی مقصد ملک میں توانائی بحران پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے متبادل وسائل کی طرف جانا ہوگا جس میں سولر اور ونڈ انرجی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کی شرکت نے توانائی بحران کے حل کیلئے متبادل ذرائع کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔