ایک وزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر لشکر کشی کر رہا ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور (اپنے رپورٹر سے+کورٹ رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر لشکر کشی کر رہا ہے، خیبرپختونخوا بمقابلہ پنجاب سے فیڈریشن کو نقصان ہوگا،لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا آپ ایک جنگ بنا رہے ہیں خیبرپختونخوا بمقابلہ پنجاب، اس سے فیڈریشن کو نقصان ہوگا، آپ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ ہو کر دوسرے پر لشکر کشی کرنے آ رہے ہیں، رانا ثنا ءنے درست کہا یہ پاکستان کو کسی حادثے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، گورنر راج کی حمایتی نہیں ہوں، کے پی میں دہشتگردی کی آگ لگی ہوئی ہے، روز دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں لیکن نیرو بانسری بجا رہا ہے، یہ ٹانگوں پر ٹانگیں رکھ کر سستی سی اداکاری کرتے ہیں، خیبرپختونخوا کے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپس ہونے چاہئیں، آپ نے ان کو پولیس کے ساتھ لڑنے پر لگا دیا ہے، ڈی جی ایف آئی اے خود عدالت میں پیش ہوئے، ڈی جی ایف آئی اے نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے پاس اتنے وسائل نہیں، ہمارا کیس مخصوص شخصیت سے متعلق نہیں، 2 مہینے ہوگئے مجھے کیا ریلیف ملا ہے اور ویڈیو ہٹائی بھی نہیں گئی، یہ فتنہ ملک سے باہر سے آپریٹ کیا جاتا ہے، پہلے فیز میں ان کے آئی ڈی بلاک ہوئی اور اب ان کی جائیداد کو قبضہ میں لیا جائے گا،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا منظم تحریک چلا کر لوگوں کی عزت اور ناموس پر حملے کیے جاتے ہیں، سوشل میڈیا کو شتر بے مہار کی طرح نہیں چھوڑا جا سکتا، اگر سوشل میڈیا کسی ضابطے کے تحت نہیں آتا تو اسے بند ہوجانا چاہیے، حکومت کا سوشل میڈیا سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہوا،مزید برآں لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کیس میں ایف آئی اے کو 11 اکتوبر تک تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر دی،لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کیخلاف درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ڈی جی ایف آئی اے عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت ڈی جی ایف آئی اے نے تفتیش مکمل کرنے کےلئے مہلت کی استدعا کی،ڈی جی ایف آئی اے کی استدعا پر عدالت نے ایف آئی اے کو 11 اکتوبر تک تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کردی اور کہا آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل ہونی چاہیے پھر میرٹ پر اس کیس کو حل کریں گے،لاہور ہائیکورٹ نے ٹویٹر اور فیس بک کی لیگل حیثیت پر بھی دلائل طلب کر لیے۔



















