آخری ڈومیسٹک سیزن‘ مشہور امپائر علیم ڈارکا ریٹائر ہونے کا فیصلہ

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر مشہور امپائر علیم ڈار 25-2024 کے ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔ علیم ڈار جنہیں دنیا کے سب سے زیادہ قابلِ احترام اور قابل تعریف کرکٹ امپائرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 25-2024ءکے سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔علیم ڈار کا شاندار اور باوقار کیریئر ایک چوتھائی صدی پر محیط ہے۔ میدان میں اور میدان کے باہر ایک حقیقی جینٹلمین کے طور پر دیکھے جانے والے علیم ڈار آئی سی سی امپائر آف دی ایئر (2011-2009) کیلئے ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی کے 3 بار فاتح بھی ہیں۔56 سالہ علیم ڈار نے 1986 سے 1998 کے درمیان 17 فرسٹ کلاس اور 18 لسٹ اے میچز بھی کھیلے۔انہوں نے 1998 کی قائد اعظم ٹرافی کے دوران فرسٹ کلاس امپائرنگ کا آغاز کیا۔ 2003ءسے 2023ءتک امپائرز کے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے اپنی انتظامی مہارت، کھیل کے حالات کی سمجھ بوجھ، پرسکون رویے اور شاندار فیصلہ سازی کیلئے عالمگیر شہرت حاصل کی۔وہ ان دنوں پی سی بی کے ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں اور آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل کے چار پاکستانی امپائرز میں سے ایک ہیں جس کی وجہ سے وہ ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں امپائرنگ کے اہل ہیں۔علیم ڈار نے اب تک ریکارڈ 145 ٹیسٹ، 231 ون ڈے انٹرنیشنل، 72 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشل، 5 ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، 181 فرسٹ کلاس میچز اور 282 لسٹ اے میچز میں امپائرنگ کی ہے۔