پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی،عطا تارڑ

نیو یارک:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت مزید مستحکم ہوگی، مہنگائی کا سنگل ڈیجٹ پر آنا بڑی کامیابی ہے، معاشی اشارئیے بہتر ہو رہے ہیں، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب اہم ہوگا، فلسطین مسئلے سمیت اسلاموفوبیا پر بھی بات ہوگی، فلسطین کاز کےلئے ہر جگہ آواز اٹھائیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تار ڑ نے کہاافغانستان کےساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، کسی ملک کی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے ،کسی ایک ملک سے تعلق کسی دوسرے ملک کی قیمت پر نہیں ، دوست ممالک کےساتھ منفرد تعلقات اہمیت کے حامل ہیں،جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم سے دیگر ممالک کے سربراہوں کی ملاقاتیںمفید رہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہااوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات بھجوائی جا رہی ہیں،پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش رکھنے والوں کومنہ کی کھانا پڑی، موڈیز ،فچ نے ریٹنگز کو اپ گریڈ کردیا، ملک ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس لایا گیا،پاکستان سٹاک ایکسچینج روزانہ نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، ترک صدر کی جانب سے پاکستان کے معاشی استحکام کو سراہنا حکومت ،وزیراعظم شہباز شریف کےلئے بڑا سرٹیفکیٹ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک بھی اپنا کردار ادا کریں۔

عطا تارڑ نے کہا اسرائیل نے غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ،کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، آواز اٹھاتے رہیں گے، پناہ گزینوں کو کئی سال سنبھالا، افغانستان کےساتھ امن چاہتے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی یا کوئی دہشت گرد افغانستان سے آپریٹ کرے گا تو آواز اٹھائیں گے، اوورسیز پاکستانی قیمتی اثاثہ اورماتھے کا جھومر ہیں، انتشار پھیلانا ایک سیاسی جماعت کا وطیرہ بن گیا ،پاکستان ،امریکہ کے درمیان تعلقات بہترین ہیں،پی آئی اے سمیت ریاست کے ملکیتی اداروں کی نجکاری ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی نے امریکی سازش سے لے کر محسن نقوی تک اپنی حکومت گرانے کے الزامات عائد کیے،کوئی شخص بتا دے امریکہ نے کیا ڈیمانڈ کی تھی جس کے نتیجے میں ایبسلوٹلی ناٹ کہا گیا؟ ،مہذب طریقے سے احتجاج کرنے پر کوئی قدغن نہیں ،ترمیم کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے، آئینی عدالتیں پوری دنیا میں موجود ہیں،دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے۔