عمران خان نے پاکستان کو تنہائی کا شکار ، سی پیک بند کیا:عطاءتارڑ

نیویارک:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات، نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے وزیراعظم شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ فلسطین ،کشمیر کو اجاگر کیا، فلسطین میں امن کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ موسمیاتی تبدیلی ہے، کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف 2 فیصد ہے ،نقصانات کا خمیازہ سب سے زیادہ پاکستان کو بھگتنا پڑا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاعمران خان نے اپنے دور میں پاکستان کو تنہائی کا شکار ، سی پیک بند کیا، امریکی سازش کا الزام لگایا، دوست ممالک کو ناراض کیاگیا، موجودہ دور میں دوست ممالک کےساتھ تعلقات بحال ، پاکستان معاشی لحاظ سے ابھرتی مارکیٹ بن چکا ، مہنگائی سنگل ڈیجٹ آ گئی ، موڈیز ،فچ کی ریٹنگز اپ گریڈ ،برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہااسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، غزہ، خان یونس، رفح میں نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، اسرائیل نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، دنیا کوجنگی جرائم پر اسرائیل کوکٹہرے میں لانا چاہئے، پاکستان نے دہشتگردی کے ہاتھوں بڑے نقصانات اٹھائے اب بھی نتائج بھگت رہے ہیں،معیشت پر اچھی خبریں آ رہی ہیں،دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرے۔

عطا تارڑ نے کہا آئی ایم ایف ،ورلڈ بینک کے ساتھ معاملات بہتر طریقے سے چل رہے ہیں، آئی ایم ایف معاہدہ فائنل ہونے جا رہا ہے، عوام کو جلد خوشخبری سنائیں گے۔