سٹریٹ موومنٹ کےلئے نکلنا ہوگا،جلد سڑکوں پر آنے کا اعلان کرونگا،عمران

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے پوری قوم سے کہتا ہوں آزادی بچانے کےلئے سٹریٹ موومنٹ کےلئے نکلنا ہوگا، تحریک جمہوریت کےلئے جہاد ہے،پارٹی تیار رہے جلد سڑکوں پر آنے کا اعلان کرونگا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے عمران خان نے کہاسعد بلوچ کی بیوی ،بیٹی کو اٹھا لیا گیا،شرم نہیں آتی اسمبلیوں میں گھس گئے اور پارلیمینٹرینز کو پکڑ لیا ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، کسی نے پارلیمنٹ سے کسی کو گرفتار نہیں کیا ،میں اور میری بیوی غیر قانونی طور پر جیل میں ہے،ہمارے خلاف فیصلہ دینے والے ججوں کو نوازاجاتاہے،ہمایوں دلاور کو اربوں مالیت کی زمین تحفے میں دے دی گئی، کے پی اینٹی کرپشن کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں، اب ایف آئی اے نے کے پی اینٹی کرپشن پر کیس کر دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہامحسن نقوی نے سب سے زیادہ ظلم کیا، ظل شاہ کو پولیس نے تشدد کرکے قتل کیا،لاش سڑک پر پھینکی اور ایف آئی آر میرے خلاف کاٹی، ظلم کرنے کے عوض محسن نقوی کو وزیر داخلہ ، پی سی بی کا چیئرمین بنایا گیا، قاضی فائز عیسیٰ نے مظالم کرنے والوں کو تحفظ دیا،انتخابی نشان چھینا اور انسانی حقوق کی پٹیشنز نہیں سنیں۔

عمران خان نے کہا الیکشن میں دھاندلی پر سابق کمشنر راولپنڈی نے چیف جسٹس ،الیکشن کمیشن کو ذمے دار قرار دیا اب چیف جسٹس کو دوبارہ مسلط کیا جائے گا، سپریم کورٹ واحد ادارہ بچا ہوا ہے اب اس پر بھی حملہ آورہو رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی نے کہا نواز شریف کو انہوں نے دبکا لگا کر روکا ہوا ہے، نہیں تو کب کا باہر بھاگ گیا ہوتا، پوری قوم کو کہتا ہوں آزادی بچانے کیلئے سٹریٹ موومنٹ کےلئے نکلنا ہوگا، تحریک جمہوریت کےلئے جہاد ہے، عدلیہ سے کہتا ہوں قانون کی حکمرانی کےلئے کھڑی ہو ،قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں آرہی۔

دریں اثناعمران خان نے علی امین گنڈاپور کی صحافیوں کیخلاف گفتگو کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہاوزیراعلیٰ کو ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہیے تھی،علی امین گنڈاپور جوش خطابت میں بہت زیادہ بول گئے،تائید نہیں کرتا۔