شرح سود میں 2فیصد کمی،مہنگائی نیچے،کاروباری اعتماد میں بہتری،نئی مانیٹری پالیسی کااعلان

اسلام آباد،کراچی:(بیورورپورٹ)مہنگائی نیچے،کاروباری اعتماد میں بہتری،زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 3 کروڑ ڈالر کا اضافہ،شرح سود میں 2فیصد کمی،سٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کااعلان کردیا۔

اعلامیے کے مطابق سٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کم کرکے17.5فیصد کردیا،2 ماہ کے دوران مہنگائی میں اضافے کی شرح تیزی سے کم ہوئی ،تیل و غذائی اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی،کاروباری اعتماد میں بہتری آئی ،کم سرکاری زرمبادلہ آمد اور قرض ادائیگیوں کے باوجود زرمبادلہ ذخائر 9.5 ارب ڈالرز رہے۔

سٹیٹ بینک نے کہاحالات نیز مہنگائی کے منظرنامے کو درپیش ممکنہ خطرات اور فیصلے کو ملحوظ رکھتے ہوئے ایم پی سی نے تخمینہ لگایا حقیقی شرح سود ابھی تک کافی حد تک مثبت ہے ،مہنگائی کم کرکے 7.5 فیصد کے وسط مدتی ہدف تک لانے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے میں مدد دے سکتی ہے،قلیل مدتی مہنگائی کے منظر نامے کو توانائی نرخوں میں ردوبدل، اجناس کی عالمی قیمتوں کے مستقبل اور ٹیکس اقدامات کی بے یقینی سے خطرہ لاحق ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا مالی سال 25-2024 میں اوسط مہنگائی 11.5 سے 13.5 فیصد کی گزشتہ پیشگوئی سے کم ہوسکتی ہے،سٹیٹ بینک نے کہا آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مجوزہ رقوم کی آمد سے سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی، جولائی اگست مالی سال 25 کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 20.5فیصد بڑھی،محاصل کا ہدف پورا کرنے کےلئے مالی سال 25 کے بقیہ مہینوں میں ٹیکس وصولی کی رفتار کو موجودہ شرح سے کافی زیادہ بڑھانے کی ضرورت ہوگی۔

دریں اثنا زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 3 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،سٹیٹ بینک نے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردئیے،3 کروڑ ڈالر کے اضافے سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 9 ارب 46 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی،کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 32 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں، زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 14 ارب 79 کروڑ 61 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا پالیسی ریٹ میں کمی ملکی معیشت کےلئے خوش آئند ہے،معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا،افراط زر کی شرح میں تیزی سے ہونے والی کمی کے بدولت شرح سود میں کمی آئی،آنے والے مہینوں میں افراط زر میں مزید کمی ہو گی،معیشت کی بحالی کیلئے وفاقی وزیر خزانہ و دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔