پولیس ملازمین ،اہل خانہ کے مسائل کا خاتمہ اوّلین ترجیحات میں شامل ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس کو بین الصوبائی سرحدی چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشت گردوں اور سمگلنگ کے چیلنجز کا سامنا ہے جس کے پیش نظر چیک پوسٹوں پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، لاجسٹکس، جدید اسلحہ اور تھرمل ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر اجلاس میں موجود تھے،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے دونوں چیک پوسٹوں پر نفری، لاجسٹکس، درپیش چیلنجز اور کارکردگی بارے آگاہ کیا، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل، ڈی پی او بھکر عبداللہ لک، انچارج چوکی کوٹ سبزل، انچارج چوکی داجل چیک پوسٹ بھکر و چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں اور رینجرز کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کو درپیش مسائل کا بلا تاخیر ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے،تمام سپروائزری افسران پولیس فورس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں ہر قسم کے مسائل بارے فوری ریلیف فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہ خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی درخواستیں سنیں، مسائل کے ازالے بارے احکامات جار ی کئے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا۔تفصیلات کے مطابق راجن پور پولیس کے کانسٹیبل توصیف احمد شہید کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق ایگزیکٹو ولاز ملتان میں تمام سہولیات سے آراستہ 5 مرلے کا گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ کانسٹیبل توصیف احمد نے اگست 2023 میں تھانہ حاجی پور کی حدود میں 3 خطرناک ڈکیتوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او فیصل آباد کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔