لاہور (خبرنگار) معاشی بدحالی کے شکار میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی جانب سے متنازعہ لوکل کوٹیشنز پر ایک مرتبہ پھر خفیہ کام شروع کئے جانے کا انکشا ف ہوا ہے، خاتون ڈی سی کی ٹرانسفر کے بعد انفراسٹرکچر اور فنانس برانچ کے درمیان ہونے والے اتفاق سے اب تک ایم سی کو 200 کے قریب متنازعہ کوٹیشنز کے ذریعے 3 کروڑ روپے تک کا ناجائز بوجھ اٹھانا پڑ گیا ہے۔ سابق ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے فراڈ کوٹیشنز کے ذریعے خزانے کو پہنچائے جانے والے نقصان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف اس فراڈ کو بند کرنے کا حکم دیا تھا بلکہ ایم او انفرا میاں ثاقب اور اسسٹنٹ میٹروپولیٹن آفیسر انفرا حافظ عاصم کے خلاف پیڈا کے تحت انکوائری بھی چالو کروا ردی تھی البتہ انکوائری کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی تاحال التوا کا شکار ہے۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ سابقہ ڈی سی نے حکم دے رکھا تھا کہ جتنی بھی کوٹیشنز فائلیں کلیئر ہونے والی ہیں ایک ہی دفعہ ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جاسکے۔ چنانچہ اس وقت بھی بہت بڑھا چڑھا کر 700 کے قریب کوٹیشن فائلوں کی تفصیلات ڈی سی کو فراہم کی گئی تھیں جس کے بعد ڈی سی نے حکم دیا تھا کہ کوٹیشنز کے اس فراڈ کو فلفور روک دیا جائے اور اس کے بعد کوئی فائل تیار نہیں ہونی چاہیے مگر اس کے بعد بھی فائلیں تیار ہوتی رہیں اب معلوم ہوا ہے کہ ایسی متنازعہ کوٹیشن فائلوں کی تعداد کئی گنا اضافے کے ساتھ مبینہ طور پر 5 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ متنازعہ فائلوں کے ذریعے ٹھیکیداروں سے حاصل کی گئی رشوت کا حساب چکتا کرنے کیلئے ایم او انفرا اور ایم او فنانس کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں کہ ڈھیر ساری فائلوں کو ایک دم کرنے کے بجائے مرحلہ وار خاموشی کے ساتھ کلیئر کر دیا جائیگا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن: متنازعہ لوکل کوٹیشنز پر ایک مرتبہ پھر خفیہ کام شروع کئے جانے کا انکشا ف

















