پشین میں دھماکہ، 2 بچے ،خاتون شہید،کے پی سرحد سے 4 حملے پسپا، 2 خوارجی ہلاک

پشین،کوئٹہ،اسلام آباد،لاہور،ڈی جی خان:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)پشین میں دھماکہ، 2 بچے ،خاتون شہید، اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ پولیس لائن کے قریب بازار میں ہوا ،بارودی موادموٹرسائیکل میں نصب کیا گیا، آواز دور دور تک سنی گئی ،ایک گاڑ ی مکمل تباہ دیگر کو نقصان پہنچا،لاشوں وزخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،کئی کی حالت نازک ہونے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے،سکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا بچوں پرحملہ آور ہونےوالے بزدل دہشتگرد انسان کہلانے کے لائق نہیں،دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،ذمے داروں کو نہیں چھوڑیں گے، زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا بارڈر پر قائم چیک پوسٹوں پر 4حملے پسپا کردئیے گئے،پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان تونسہ شریف میں شدید مقابلے میں 2خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا، مقابلے میں خوارجی دہشتگردوں نے ہینڈ گرنیڈو دیگر بھاری اسلحہ استعمال کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ وہوا صادق برمانی، پولیس اہلکار مضمر نذیر زخمی ہوگئے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے اور جہنم واصل کرنے پر جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہاپولیس ،تمام ادارے الرٹ ہیں، دہشتگردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرےں گے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہا خیبر پختونخوا بارڈر پر قائم چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشتگردوں کے 4 حملے ناکام بنائے ، دہشتگردی خطرات کے پیش نظر پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر موجود چیک پوسٹس ہائی الرٹ ہیں ،خوارجی دہشتگرد پنجاب کے اندر کسی تھانہ یا دیگر حساس مقام پر دہشتگرد کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے پنجاب میں دہشتگردوں کے داخلے کی اطلاع ملی، ایس ایچ او وہوا نے ٹیم کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کا تعاقب کیا، پولیس کو سامنے دیکھ کر موٹر سائیکل سوار دہشتگرد ہینڈ گرنیڈ و دیگر بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ آور ہوئے، بلٹ پروف گاڑی ، ہیلمٹ،جیکٹس سے لیس پولیس جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی، پولیس ،ایلیٹ فورس کی بیک اپ ٹیمیں بھی فوری موقع پر پہنچیں، شدید مقابلے کے بعد دونوں خوارجی دہشتگردوں کو جہنم اصل کر دیا گیا، ہینڈ گرنیڈ و فائرنگ سے بلٹ پروف گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، اطلاع ملتے ہی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور ڈی پی او سید علی فوری موقع پر پہنچے،زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔