اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جے یو آئی اور پی ٹی آئی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پارلیمنٹ میں ملکرچلنے پراتفاق کرلیا،چیئرمین بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد نے فضل الرحمن سے ملاقات کی ،وفد کے پہنچنے پر فضل الرحمن نے استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ،بالخصوص قومی و سینٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں سیاسی جماعتوں نے پارلیمان میں قانون سازی کیلئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے باہمی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے روف حسن نے کہاملاقاتوں کاسلسلہ مستقبل میںبھی جاری رہے گا، کمیٹیاں آنے والوں دنوں میں آپس میں ملاقات کریں گی،فضل الرحمن نے عزت بخشی ،ملاقات خوشگوار رہی،قومی اسمبلی و سینٹ میں کمیٹیاں باہمی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کریں گی۔
جے یو آئی رہنما مولانا ضیا الرحمن نے کہا طے ہوا قومی اسمبلی ،سینٹ میں قانون سازی کے تمام معاملات کمیٹیاں آپس میں مل بیٹھ کر طے کریں گی، سینٹ میں شبلی فراز ،کامران مرتضیٰ ،قومی اسمبلی میں بیرسٹر گوہر اور عبد الغفور حیدری پر مشتمل کمیٹی تمام معاملات دیکھے گی۔
اخوانزدہ یوسفزئی نے کہاملاقات سے پہلے محمود اچکزئی کو اعتماد میں لیاوہ بھی چاہتے ہیں ملک میں معاملات آگے بڑھیں، اپوزیشن اتحاد بہت ضروری ہے۔
حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ میں ملکرچلنے پراتفاق،کمیٹیاں قائم



















