اتحاد حکومت گرانے نہیں پاکستان بچانے کےلئے ہے،تحریک تحفظ آئین پاکستان

لاہور:( خبر نگار)سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود اچکزئی نے کہا ہے تحریک کا مقصد حکومت گرانا نہیں ،قوم کو متحد کرنا ہے ،ملک ڈوب رہا ،اتحاد پاکستان بچانے کےلئے ہے، قوم کو اجتماعی دانش سے بچائیں گے،پاکستان جھنڈے لہرانے ،نعرے لگانے سے آزاد نہیں ہوگا، آزادی صرف حق حکمرانی کیلئے لی گئی تھی اگر اداروں سے محاذ آرائی کیلئے چل پڑے تو پاکستان متحمل نہیں ہو گا،انصاف و غریب کو روٹی نہ دے سکنے والے حکمرانوں کو حکومت کرنے کاکوئی حق نہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، مرکزی رہنما سردار لطیف کھوسہ ،پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

محمود اچکزئی نے کہا پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے،عمران خان سب سے بڑی جماعت کا سربراہ ہو کر جیل میں ہے،بڑا سیاسی ظرف تھا وزیر اعظم شہباز شریف رہائی کا بندوست کرتے،مطالبہ ہے بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہاپاکستان معدنیات سے مالا مال ملک ہے تو پھرمعاشی اعتبارسے کیوں ڈوب رہا ہے؟ کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے ہیں، غربت کی وجہ بے رحم نظام ہے،پاکستان کو اجتماعی کوششوں سے بحرانوں سے نکال سکتے ہیںاتنی بے انصافی کے ساتھ نظام مزید نہیں چل سکتا، پاکستان میں صرف 9 مئی بڑا حادثہ نہیں ، ملک بننے کے 25سال بعد ملک ٹوٹ گیا تھا،ملک توڑنے کی ذمہ داری کسی پر عائد نہیں کی گئی، ایک وزیراعظم کو پھانسی دی گئی، بےنظیر بھٹو کو دن دیہاڑے قتل کیا گیا، 12مئی کو کراچی میں چیف جسٹس کے آنے پر دن دیہاڑے گولیاں ماری گئیںاگر تحقیقات کرنی ہےں تو سب کی کریں۔

اسد قیصر نے کہا 14اگست حقیقی آزادی کے نام پرمنائیں گے ،جلسے و جلوس نکالیں گے ،چاروں صوبوں میں حقیقی آزادی سیمینار ہوں گے،مریم نوازناجائز حکومت میں بیٹھ کرخود مارشل لا ءایڈمنسٹریٹرکا تاثر دیتی ہیں، پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے آئین پر عملدرآمد کرانا ہوگا، ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ مارنے والے اپنے مخالفین کوجلسے کرنے کی اجازت دینے کوتیار نہیں، نواز شریف میں اخلاقی جرات ہوتی تو الیکشن ہارنے کو قبول کرلیتے۔