فتنہ الخوارج کی وسیع پیمانے پر ڈاکہ زنی ،بھتہ خوری،ہلاک دہشتگردوں سے دستاویزی ثبوت برآمد

راولپنڈی :(بیورورپورٹ) فتنہ الخوارج کی وسیع پیمانے پر ڈاکہ زنی ،بھتہ خوری،ہلاک دہشت گردوں سے دستاویزی ثبوت برآمد، ہوشربا تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے حالیہ مارے جانےوالے دہشت گردوں سے رونگٹے کھڑے کر دینے والے دستاویزی ثبوت برآمد ہوگئے ،ثبوت سے واضح ہوگیافتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کےساتھ ڈاکہ زنی اور بھتہ خوری کی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

جنوبی خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں خارجی دہشت گردوں نے بینک لوٹنا شروع کر دئیے ،بینک کی رقم لے جانے والی گاڑیوں پر خوارج نے 9 ، 30 جولائی اور 8 اگست کو 3حملے کیے ،56 ملین روپے سے زائد رقم لوٹ لی، دہشت گردوں نے رقم لے جانے والی گاڑیوں کو مکمل خاکستر بھی کر دیا،خارجی نور ولی کے حکم پر 4 لاکھ روپے خارجی سیلاب کو دئیے گئے، خارجی عباس کے 13 دہشت گردوں میں 17 لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی۔

دستاویزی ثبوت کے مطابق لوٹی رقم حوالہ ہنڈی کے ذریعے پاکستان سے افغانستان کے علاقوں لامان ،خوست میں چھپے خارجی دہشت گردوں کو بھیجی جاتی ہیں، خارجی سرپرست افغانستان کے بڑے شہروں میں بیٹھ کر معصوم پاکستانی عوام سے لوٹی رقم پر عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہے ہیں،ذرائع کے مطابق خوارج کے سرپرستوں کی عیاشی کی خاطر حملوں میں براہ راست ملوث گمراہ چھوٹے درجے کے خارجی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، لوٹی رقم کی غیر منصفانہ تقسیم کے نتیجے میں خوارج کے گروپوں کے درمیان لڑائی بھی جاری رہتی ہے۔