طاقت کے مقابلے نے بلاک کی سیاست کا خدشہ بڑھاد یا،اسحاق ڈار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے دنیا اور پاکستان گہری تبدیلی سے گزررہے ہیں،بلاک سیاست عالمی سیاست ،معیشت اوربین الریاستی تعلقات کو بری طرح متاثر کرے گی ،سفارتکاروں پر فرض ہے اپنی صلاحیتوں کے مطابق پاکستان کی خدمت کریں، ہر نئی ذمہ داری، چاہے سیاسی ہو یا انتظامی آپ کو چیلنج کرے گی۔

43ویں ڈپلومیٹک کورس گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا سفارتی خدمات میں شامل ہونے پر اپنی ذمہ داریوں سے نبرآزما ہونا ہو گا،نئے غیر یقینی چیلنجز نے سکیورٹی کو مزید غیر مستحکم کردیا،طاقت کے مقابلے نے بلاک کی سیاست کا خدشہ بڑھا یا،پوری دنیا کے معاشرے دباو کا شکار ہیں، دائیں بازو کی سیاست کا واضح عروج ہے، سافٹ پاور نے روایتی جنگ کی جگہ لے لی اب بیانیہ اورغلط معلومات کی جنگ ہو رہی ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا عالمی تبدیلیاں پاکستان کے عالمی تعلقات و خارجہ پالیسی پر براہ راست اثر انداز ہورہی ہیں، خودمختاری،علاقائی سالمیت اور آزادی کیلئے چیلنجز کا جواب دینا چاہیے، روایتی سفارتکاری سے اقتصادی سفارت کاری کی طرف خود کو موڑنا ہوگا،پاکستان کا ترقیاتی ایجنڈا آگے بڑھانے کیلئے ملکر کردارادا کرنا ہوگا، نوجوان سفارتکاروں کو تجارت و سرمایہ کاری سمیت ضروری مہارتوں سے لیس کیا جائے، سفارتکاروں کو عالمی قانون ،سیاست کےساتھ اقتصادی سفارتکاری کا بھی ماہر ہونا چاہیے۔