پیرس اولمپکس میں پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر صدر مملکت آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں ، جیت پوری قوم کی جیت ہے، شاندار اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا، طویل ترین جیولین تھرو بڑا کارنامہ ہے، پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر آپ نے سر فخر سے بلند کر دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا شاباش ارشد ندیم ،آپ نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔
شہباز شریف نے کہا اولمپک میں تاریخ رقم کرکےآپ نےثابت کیا ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن ممکن بن جاتاہے۔
قوم کےبیٹےاولمپئین ارشدندیم پر والدین ہی نہیں سب کو ناز ہے۔
اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ارشد ندیم نے گولڈ میڈل ہی نہیں قوم کے دل بھی جیت لیے ،ارشدندیم نےاولمپکس میں 92.97 میٹرکاریکارڈ قائم کرکےاپنی برتری ثابت کردی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر پورے ملک کو فخر ہے۔
ریکارڈ کے ساتھ اولمپک گولڈ میڈل جیتنا آپ کی سخت محنت اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔
شاباش ! ارشد،سرفخر سے بلند کردیا،صدر،وزیراعظم ودیگر کی مبارکباد



















