سی بی ڈی پنجاب اور پی ایچ ای سی میں معاہدہ، مفاہمتی یادداشت سنگ میل ہوگی : شاہد منیر

لاہور (کامرس رپورٹر+ ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کا پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا۔ یہ اہم معاہدہ این ایس آئی ٹی سٹی اور سی بی ڈی پنجاب کے دائرہ اختیار میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے کیا گیا ہے۔ مفاہمتی معاہدے کی یادداشت پر سی بی ڈی پنجاب کے سی او او بریگیڈئر (ر) منصور احمد جنجوعہ اور پی ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے دستخط کئے۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ سی بی ڈی پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ سی بی ڈی پنجاب علی وقار شاہ سمیت اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ مجوزہ مفاہتی معاہدے کے تحت پی ایچ ای سی یونیورسٹی یا یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے ضروری رہنمائی فراہم کرنے کیلئے سی بی ڈی پنجاب کیساتھ تعاون کریگا۔ کمیشن اس بات کو یقینی بنائیگا کہ ادارے کے تعلیمی معیار کو قومی اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق برقرار رکھا جائے اور ضروری نگرانی اور مدد کی پیشکش کی جائے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ایک اعلیٰ معیار کی غیرملکی یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنا ہے جس سے تعلیمی مواقع میں اضافہ ہوگا اور سی بی ڈی پنجاب میں تحقیق، اختراع اور ترقی کے کلچر کو فروغ ملے گا۔ توقع ہے کہ اس منصوبے سے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جائیگا۔ اس موقع پر سی بی ڈی پنجاب کے سی او او بریگیڈئر (ر) منصور احمد جنجوعہ نے کہا کہ پی ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری پنجاب کو ایک عالمی تعلیمی پاور ہاو¿س میں تبدیل کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ ایک عالمی معیار کا یونیورسٹی کیمپسس قائم کرکے ہم اپنے نوجوانوں کو اعلیٰ درجے کے تعلیمی وسائل اور مواقع تک رسائی فراہم کرنا چاہتے ہیں جو بالآخر خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ پی ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ سی بی ڈی پنجاب کے ساتھ ہمارا تعاون صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مجوزہ یونیورسٹی کیمپس کے تعلیمی معیارات اعلیٰ ترین قومی اور بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف اعلیٰ تعلیمی مواقع حاصل ہونگے بلکہ جدت اور تحقیق کو بھی فروغ ملے گا جو پنجاب کی سماجی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گا۔ مفاہمتی معاہدے سے پنجاب میں عالمی معیار کے تعلیمی اداروں کی ترقی کیلئے مزید مواقع تلاش کرنے کیلئے دونوں فریقین کے عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے سی بی ڈی پنجاب اور پی ایچ ای سی کا مقصد سیکھنے، تحقیق اور اختراع کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔