فوج کےساتھ بہترین تعلقات برقرار نہ رکھنا بیوقوفی ہے،عمرا ن خان

راولپنڈی(بیورورپورٹ)سابق وزیر اعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے فوج کےساتھ بہترین تعلقات برقرار نہ رکھنا بیوقوفی ، اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے سوالات کے جوابات میں عمران خان نے کہاپاکستان کی جغرافیائی پوزیشن و نجی شعبے میں فوج کے اہم کردار کے باعث اگر فوج کےساتھ بہترین تعلقات نہ رکھے جائیں تو حماقت ہو گی، فوج کےساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہاانتخابات میں اکثریت تسلیم کرنے تک حکومت یا فوج سے عدالت کے باہر کوئی تصفیہ نہیں ہوگا، امریکہ کےخلاف کوئی رنجش نہیں، حکومت کے خاتمے کے بعد سے میری تنقید افراد کےخلاف رہی فوج کے ادارے کےخلاف نہیں، فوجی قیادت کے بارے میں غلط فہمیوں کو پورے ادارے کےخلاف نہیں ٹھہراناچاہیے۔

عمران خان نے کہاایسے تمام مذاکرات کیلئے تیار ہیں جو ملک کی بگڑتی صورتحال کو بہتر کرسکے، وزیراعظم شہباز شریف کی مخلوط حکومت سے بات چیت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، اصل قوت سے ہی بات کرنا زیادہ سودمند ہوگا۔