امریکی سوئمر کیٹی لیڈیکی نے سب سے زیادہ گولڈ میڈل جیتنے کا 50 سالہ پرانا ریکارڈ برابر کردیا

پیرس (مشرق نیوز) امریکی سوئمر کیٹی لیڈیکی نے پیرس اولمپکس میں 800 میٹر فری اسٹائل کا گولڈ میڈل جیت کر اولمپکس کی تاریخ میں کسی بھی خاتون ایتھلیٹ کا سب سے زیادہ گولڈ میڈل جیتنے کا 50 سالہ پرانا ریکارڈ برابر کردیا۔کیٹی لیڈیکی نے پیرس اولمپکس میں خواتین کی 800 میٹر فری سٹائل سوئمنگ میں گولڈ میڈل جیتا۔یہ انکے اولمپک کیریئر کا 9واں گولڈ میڈل تھا جس کے ساتھ انہوں نے سوویت جمناسٹ لاریسا لاتینینا کا 50 سال پرانا ریکارڈ برابر کیا۔50 سال قبل سوویت جمناسٹ نے 9 گولڈ میڈلز جیت کر سب سے زیادہ اولمپک گولڈ جیتنے والی خاتون ایتھلیٹ ہونے کا ریکارڈ بنایا تھا، جسے ہفتے کی شب کیٹی لیڈیکی نے برابر کیا۔کیٹی لیڈیکی نے 2012 میں خواتین کی 800 میٹر، 2016 میں خواتین کے 200، 400 اور 800 میٹر انفرادی گولڈ کے علاوہ 4 ضرب 200 فری سٹائل میڈلے کا بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔ٹوکیو میں انہوں نے 800 اور 1500 میٹر کے فری سٹائل گولڈ میڈل جیتے جبکہ 2024 میں انہوں نے 800 میٹر سے قبل 1500 میٹر کا انفرادی گولڈ میڈل بھی جیتا تھا۔ سوویت جمانسٹ لاتینینا نے 1956 سے 1964 تک 9 اولمپک گولڈ میڈلز جیتے تھے، یہ اولمپکس کی تاریخ میں کسی بھی خاتون کے سب سے زیادہ گولڈ میڈلز ہیں۔مجموعی طور پر کسی بھی ایتھلیٹ کے بھی یہ دوسرے سب سے زیادہ گولڈ میڈلز ہیں، لیڈیکی اور لاتینینا کے علاوہ 4 مرد ایتھلیٹس نے بھی 9، 9 گولڈ میڈلز لئے ہیں۔کیریئر میں 9 اولمپکس گولڈ لینے والوں میں فن لینڈ کے پاوو نورمی اور امریکی ایتھلیٹ کارل لوئیس بھی شامل ہیں جبکہ امریکی سوئمرز کیلب ڈریسل اور مارک اسپیٹز نے بھی 9، 9 اولمپک گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں۔امریکی سوئمر مائیکل فلپ نے تاریخ میں سب سے زیاد 23 اولمپک گولڈ میڈلز حاصل کئے ہیں۔