فرح گوگی عمران،بشریٰ کی فرنٹ پرسن، ٹرسٹ کی آڑ میں240 کنال اراضی منتقل کی گئی،تفتیشی
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)القادرٹرسٹ کی آڑمیں 240 کنال اراضی کی منتقلی،فرح گوگی نے عمران ،بشریٰ کے بطورفرنٹ پرسن کام کیا،190 ملین پاونڈسکینڈل ریفرنس میں تفتیشی افسر ڈپٹی ڈائریکٹرمیاں عمرندیم کا ریکارڈ کرایا گیا بیان سامنے آگیا۔
تفتیشی افسر نے کہا ریفرنس پرانکوائری کا اختیار 7 دسمبر 2022 کو ملا ،تفتیش 28اپریل 2023کوشروع کی، ریکارڈ کے مطابق کابینہ نے بیرون ملک اثاثوں کی ریکوری کیلئے ریکوی یونٹ کی منظوری دی،نیشنل کرائم ایجنسی کے کنٹری منیجر عثمان احمد کو شہزاد اکبر کی ہدایت پرخفیہ خطوط لکھے گئے، مجرمانہ سرگرمیوں کی آمدنی منجمد کرنے کیلئے نیشنل کرائم ایجنسی نے فریزنگ آرڈر حاصل کیے۔
عمر ندیم نے کہانجی ہاوسنگ سوسائٹی سے 2019 میں 4 تا 30اپریل 458کنال 4مرلے 58 مربع فٹ زمین خریدی، خریدی گئی زمین ملزم زلفی بخاری کے ذریعے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کو منتقل کی گئی، اراضی منتقلی کے بعد عمران خان سے زلفی بخاری، شہزاد اکبر اور پراپرٹی ٹائیکون ملے،11جولائی 2019 کو رقم پاکستان کی ملکیت ہونے پربانی پی ٹی آئی کوبدنیتی پرمبنی نوٹ لکھاگیا، بدنیتی پرمبنی نوٹ 3 دسمبر2019 کوکابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا گیا، بدنیتی پرمبنی نوٹ بند لفافے میں کابینہ میں پیش کرکے منظوری پراصرار کیا گیا۔
تفتیشی نے کہاٹرسٹ ڈیڈ پر ضیا المصطفیٰ نسیم نے بطور گواہ دستخط کیے، وزرات خزانہ، خارجہ و قانون کی رائے نہیں لی گئی، ٹرسٹ ڈیڈ میں ترمیم کرکے عمران ، بشریٰ اور زلفی بخاری کو شامل کیا گیا، بشریٰ نے 24 مارچ 2021 کو عطیہ اقرار نامہ پر دستخط بھی کیے،القادرٹرسٹ کی آڑمیں 240 کنال اراضی فرح شہزادی کے نام پر منتقل کی گئی۔
میاں عمر ندیم نے کہا عمران ،بشریٰ اراضی کی فروخت سے متعلق ثبوت دینے میں ناکام رہے، دونوں کو ثبوت دینے کیلئے متعدد نوٹسز کیے لیکن تعاون نہیں کیا گیا،ملزم ریاست پاکستان کیلئے فنڈز کی منتقلی کے ثبوت پیش کرنے میں بھی مکمل ناکام رہے، موہڑہ نور اسلام آباد میں 240 کنال اراضی دھوکہ دہی سے ملزموں کے نام پر منتقل کی گئی، القادرٹرسٹ پراپرٹی میں فرح شہزادی نے عمران ،بشریٰ کے بطورفرنٹ پرسن کام کیا۔


















