جعلی ویڈیو اپلوڈ کرنےوالوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے،عظمیٰ بخاری

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے،کورٹ رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے میری جعلی ویڈیو اپلوڈ کرنے والوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے،کیسوں کا کئی کئی سال فیصلہ نہ ہونے والی تمام خواتین کےساتھ ہوں،کیس کو انجام اور برے کو گھر تک پہنچانا ہے، بطور خاتون بہت مطمئن ہوں،چیف جسٹس صاحبہ کی مہربانی سے مجھے عدالت سے بہت ریلیف ملا،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا میرا سیاسی کیس ہے نہ ذاتی ،تمام خواتین کیلئے انصاف چاہیے، مجھ سے پوچھا جاتاہے کون کونسے اکاﺅنٹس ہیں؟ اکاﺅنٹس کا پتہ لگانا ایف آئی اے اور دوسرے اداروں کا کام ہے۔

دریں اثنا صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا لاہور میں کوئی رین ایمرجنسی نہیں لگائی گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کے مطابق لاہور میں واسا، ایل ڈبلیو ایم سی ،ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بارش کا پانی نکالنے کےلئے متحرک ،تمام انتظامیہ کمشنر،ڈی سی، اے سی سمیت دیگر عملہ فیلڈ میں موجود رہا ،مریم نواز نے نکاسی آب کی خود نگرانی کی ،ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب نے پورے شہر کے دورے کیے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کےخلاف درخواست پر ایف آئی اے کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمے سے سائبر کرائم کے ایس او پیز طلب کرلیے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا لوگ ہاتھوں میں ڈنڈا اٹھا لیں؟ کیا آپ کا پہلا کیس ہے؟ رپورٹ تیارکرنے کےلئے کس کو رکھا ہوا ہے، بتائیں ایف آئی اے کے ایس او پیز کیا ہیں؟،آپ لوگ سائبر کرائم کا کس طرح ڈیٹا مرتب کرتے ہیں، سرکاری وکیل نے کہا کیس کےلئے 4رکنی جے آئی ٹی بنا دی،سربراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرسائبرکرائم راناشاہوازخان ہیں، ممبران میں عاطف جان، علی رضا، غلام مصطفی شامل ہیں،تینوں ممبران سب انسپکٹرز ہیں، نادرا سمیت دیگر حکام کو خطوط لکھ دئیے ،جسٹس عالیہ نیلم نے جے آئی ٹی سربراہ کی سرزنش اور پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہونے پراظہار برہمی کیا،چیف جسٹس نے کہا کیا ایف آئی اے کا کام صرف اتنا ہے درخواست دو اوربھول جاﺅ۔