پیکا ایکٹ کیس میں روف حسن کی ضمانت منظور ، رہائی کا حکم


اسلام آباد :(بیورورپورٹ) رہنما پی ٹی آئی روف حسن کی پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ضمانت بعد ازگرفتاری درخواست منظور،عدالت نے رہائی کاحکم دےدیا۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ نے پی ٹی آئی روف حسن و دیگرکی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی ، پی ٹی آئی وکیل علی بخاری و دیگر عدالت کے سامنے پیش ہوئے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر عامر شیخ اور تفتیشی افسر بھی ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے ضمانت کی مخالفت کی،عدالت نے روف حسن اور دیگر کی ضمانت بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے رہنما پی ٹی آئی روف حسن کی پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج مقدمے میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دےدیا،دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈی نیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔