عوام کیلئے ٹھنڈی ہوا کاجھونکا، پٹرول6.17،ڈیزل10.86روپے لٹر سستا

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)عوام کیلئے ٹھنڈی ہوا کاجھونکا،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات 10.86روپے لٹر تک سستی کردیں،وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول6.17،ڈیزل10.86،مٹی کاتیل6.32اور لائٹ آئل 5.72روپے لٹر سستا کردیا گیا۔

دوسری جانب اوگرا نے اگست کیلئے ایل پی جی 2.27روپے کلو مہنگی کرکے نوٹیفکیشن جاری کر دیا،اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت237روپے کلو مقرر کردی گئی،نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر 26.90روپے مہنگا ہو کر 2796.56کاہوگیا۔

دوسری جانب جون کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے سماعت مکمل کر لی ،اضافے کی صورت میں صارفین پر 34ارب سے زائد بوجھ پڑے گا،اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لےکر فیصلہ جاری کرے گی،سی پی پی اے نے بجلی2.63روپے مہنگی کرنے کی درخواست دی تھی۔

نیپرا اتھارٹی اجلاس میں انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرزسے حکومتی بات چیت کا تذکرہ بھی زیر بحث رہا،چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا 2021 میں انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز سے پاور ڈویژن نے بات چیت کی تھی،پہلا قدم پاور ڈویژن کو اٹھانا ہوگا پھرنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کام کرے گی،پاور ڈویژن سے پہلے نیپرا اپنے طور پر کچھ نہیں کرسکتا۔